بھارتی آئین سے کونسے 2 الفاظ غائب کر دیئے گئے ؟ جانیے

لاہور ( خصوصی رپورٹ ) بی جے پی کے دور حکومت میں مودی سرکار شہروں کے نام تبدیل کرتی رہی لیکن اب بھارتی آئین سے 2الفاظ ہی " غائب "کر دیئے گئے ہیں ۔ اور یہ 2الفاظ" سوشلسٹ" اور "سیکولر" ہیں ۔یہ کیسے پتہ چلا کہ بھارتی آئین میں یہ دو الفاظ اب نہیں ہیں ، ہوا کچھ ایسے کہ پارلیمنٹ کی نئی عمارت کے افتتاح پر ارکان پارلیمنٹ کو آئین کی کاپیاں دی گئیں جن کے مطالعے سے معلوم ہوا کہ آئین سے یہ 2الفاظ غائب ہیں ۔ بھارتی اپوزیشن جماعتوں نے آئین کی انگریزی کاپی سے سوشلسٹ اور سیکولر کے الفاظ ہٹانے کو آئین پر حملہ قرار دیا ہے۔کانگریس رہنما ادھیر رنجن کا کہنا ہے کہ بھارتی آئین کی کاپی میں سوشلسٹ اور سیکولر کے الفاظ نہ ہونا تشویشناک ہے، حکمران جماعت بھاریہ جنتہ پارٹی (بی جے پی) کی نیت مشکوک ہے، یہ سنجیدہ معاملہ ہے اسے پارلیمنٹ میں اٹھائیں گے۔
دوسری جانب بھارتی وزیر قانون ارجن میگھوال کا دعویٰ ہے کہ ان کاپیوں میں آئین کی تمہید کا "اصل ورژن" دیا گیا، جب آئین وجود میں آیا تو اس میں سوشلسٹ اور سیکولر کے الفاظ نہیں تھے۔ سوشلسٹ اور سکیولر کے الفاظ بھارتی آئین میں 1976 میں 42 ویں ترمیم میں شامل کیے گئے تھے۔