بدعنوان ایف بی آر افسران کا سراغ لگانے کیلئے ایجنسیوں کی مدد طلب

Sep 21, 2024 | 10:25 PM

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے کرپشن میں ملوث افسران کا سراغ لگانے کیلئے ایجنسیوں کی مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چیئرمین ایف بی آر نے افسران پر واضح کیا ہے کہ ادارے میں جزا و سزا کا سخت نظام لاگو کیا جائے گا اور کسی بھی قسم کی کرپشن کو برداشت نہیں کریں گے، سکیورٹی ادارے بدعنوان افسران پر نظر رکھیں گے جن کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو راشد محمود لنگڑیال نے جمعہ کوایف بی آر ہیڈکوارٹر میں سینئر ٹیکس افسران (گریڈ 17 اور اس سے اوپر) سے خطاب میں ایف بی آر کے نئے اصلاحاتی پلان کے اہم نکات کا تذکرہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ غیر معمولی کارکردگی دکھانے والے افسران کے لیے اضافی مالی مراعات کی منظوری لے لی گئی ہے۔ ایف بی آر پہلے سے ہی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کو سہہ ماہی بنیادوں پر مراعات دے رہا ہے لیکن اب اس نظام کو مزید بہتر کیا جائے گا۔

انہوں نے واضح طور پر کہا کہ وہ ٹیکس ڈیپارٹمنٹ میں کسی بھی قسم کی کرپشن کو برداشت نہیں کریں گے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ان افسران پر نظر رکھیں گے جو بدعنوانی میں ملوث ہوں گے۔

مزیدخبریں