حامد میر پر حملہ وارننگ نہیں تھی، سچ سامنے آنے سے پہلے کسی کی طرف انگلی نہیں اٹھانا چاہئے: خواجہ سعد رفیق
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ صحافی نظریاتی سرحدوں کے اور فوج جغرافیائی سرحدوں کے محافظ ہیں اور ہم ان سرحدوں کے درمیان تلخی نہیں آنے دیں گے، جب تک سچ سامنے نہیں آتا کسی کی طرف انگلی نہیں اٹھانی چاہئے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ حامد میر نے ابھی بڑا سفر طے کرنا ہے، ہم محبان پاکستان کو الجھنے نہیں دیں گے، حامد میر پر حملے کے حقائق سامنے آنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافی نظریاتی سرحدوں کے اور فوج جغرافیائی سرحدوں کے محافظ ہیں اور ہم ان سرحدوں میں تلخی نہیں آنے دیں گے، ہم نے خلیج کو ختم کر کے توپوں کا رخ دشمن کی طرف کرنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حامد میر پر قاتلانہ حملہ کیا گیا، یہ حملہ وارننگ نہیں ہے، جیو اور جنگ کی مینجمنٹ اور صحافی محب وطن ہیں۔