آئی ایس آئی پر قاتلانہ حملے کے الزامات، حکومت کی جیو نیوز کے خلاف قانونی کارروائی، چینل پر پابندی لگانے کی درخواست دائر
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت نے قومی ادارے آئی ایس آئی پر صحافی حامد میر پر قاتلانہ حملے کا الزام لگانے کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے اور جیو ٹی وی پر پابندی لگانے کیلئے پاکستان الیکٹرانک ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کو درخواست دے دی ہے۔ نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے مطابق وزارت دفاع نے کہا ہے کہ کراچی میں سینئر صحافی حامد میر پر قاتلانہ حملے کے بعد دفاعی اداروں کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کرنے پر جیو نیوز کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے اور جیو ٹی وی پر پابندی کیلئے پیمرا میں درخواست دے دی گئی ہے۔ نجی ٹی وی ڈان نیوز کے مطابق یہ درخواست آئی ایس آئی اور آرمی چیف کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد جمع کرائی گئی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ جیو ٹی وی آرڈیننس کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوا ہے اس لئے اس پر پابندی عائد کی جائے۔بی بی سی کے مطابق زارت دفاع کی ترجمان ناریتہ فرحان نے بتایا ہے کہ وزیر دفاع خواجہ آصف کی جانب سے پیمرا آرڈیننس 2002 سیکشن 32 اور 36 کے تحت پیمرا حکام کو درخواست دی گئی ہے کہ جیو کی ادارتی ٹیم اور انتظامیہ کے خلاف مقدمے کا آغاز کریں۔
دفاعی ادارے پر الزامات تشویشناک اور قابل مذمت ہیں، ملک
دشمنوں کے پروپیگنڈہ کی پوری دنیا میں گونج پھیلائی گئی: وزیر داخلہ