علامہ اقبالؒ کی برسی پر عوامی تحریک کے مرکز ی سیکرٹریٹ پر دعائیہ تقریب

علامہ اقبالؒ کی برسی پر عوامی تحریک کے مرکز ی سیکرٹریٹ پر دعائیہ تقریب

لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام حکیم الامت علامہ محمد اقبال ؒ کے 77ویں یوم وصال کے موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستان عوامی تحریک،تحریک منہاج القرآن کے مرکزی ،صوبائی و ضلعی قائدین کے علاوہ منہاج القرآن علماء کونسل کے عہدیداران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ پاکستان کو ان مشکل حالات تک پہنچانے والا کوئی اور نہیں کرپٹ سیاستدان اور فرسودہ نظام انتخاب ہے ۔جس ملک کو جنوبی ایشیاء کا حقیقی لیڈر ہونا چاہیے تھا وہ معاشی اور سیاسی لحاظ سے اس قدر کمزور بنا دیا گیا ہے کہ وہ اپنے فیصلے کرنے میں آزاد بھی نہیں رہا یہ سب اس لئے ہے کہ ہم نے فکر اقبال ؒ سے ناطہ توڑ لیا ہے۔موجودہ حکمرانوں کی سوچ فکر اقبال ؒ سے متصادم ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم فکر اقبال ؒ کے مطابق اپنی ترجیحات طے کریں۔دعائیہ تقریب میں ساجد بھٹی،سید فرحت حسین شاہ،رانا محمد ادریس،جواد حامد،بشارت جسپال،راجہ زاہد محمود،فرح ناز،عائشہ شبیر،عطیہ بنین،چودھری افضل گجر و دیگر بھی موجود تھے ۔خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ کشمیر یوں کی شہادت پر تشویش ہے ۔بھارت مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو بھی تسلیم کرے اور مسئلہ کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1