ڈسٹرکٹ سلیکشن کمیٹیوں میں ریٹائرڈ ہیلتھ پروفیشنل کو شامل کیا جائے گا،سلمان رفیق

ڈسٹرکٹ سلیکشن کمیٹیوں میں ریٹائرڈ ہیلتھ پروفیشنل کو شامل کیا جائے گا،سلمان ...

لاہور( جنرل رپورٹر) مشیر وزیراعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ ضلع کی سطح پر میڈیکل آفیسرزاور ویمن میڈیکل آفیسرز کی ریکروٹمنٹ کے لئے تشکیل کردہ ڈسٹرکٹ سلیکشن کمیٹیوں میں وزیراعلی محمد شہباز شریف کی ہدایت کے مطابق کابینہ کمیٹی کی جانب سے نامز کردہ ایک ریٹائرڈ ہیلتھ پروفیشنل کو شامل کیا جائے گا۔ مذکورہ ہیلتھ پروفیشنلز کی نامزدگی کے لئے اچھی شہرت کے حامل دیانتدار افراد کو ترجیح دی جائے گی۔انہوں نے یہ بات گزشتہ روز سول سیکرٹریٹ میں کابینہ کمیٹی برائے صحت کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں سیکرٹری صحت جواد رفیق ملک،ایڈیشنل سیکرٹری (اسٹیبلشمنٹ) اعجازالحق،ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز کے علاوہ مختلف اضلاع کے ای ڈی او ہیلتھ، کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور دیگر میڈیکل کالجز کے پرنسپلز کی جانب سے نامز د کردہ ریٹائرڈ ہیلتھ پروفیشنلز،کنسلٹنٹس اور ہیلتھ منیجرز نے شرکت کی۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹز اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں میں MOs/WMOs کی بھرتی کے لئے سلیکشن کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ اس کمیٹی کا چیئرمین متعلقہ ضلع کا ڈی سی او ہو گا جبکہ اس کے ممبران میں ای ڈی او ہیلتھ،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور کابینہ کمیٹی کی جانب سے نامزد کردہ ایک ریٹائرڈ ہیلتھ پروفیشنل شامل کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ کنسلٹنٹ کی سلیکشن کے لئے کمیٹی میں میڈیکل کالج کا متعلقہ سپیشلٹی کا پروفیسر، ایسوسی ایٹ پروفیسر یا اسسٹنٹ پروفیسر بھی شامل کیا جائے گا۔علاوہ ازیں متعلقہ ضلع کا ڈی سی او کمیٹی میں اپنی جانب سے ایک خاتون آفیسر کو نامزد کرے گا۔۔

مزید : میٹروپولیٹن 1