دیہاتوں میں گیس کی فراہمی کا جامع پلان تیار،ایجوکل بائیو گیس پلانٹ منصوبہ مکمل

دیہاتوں میں گیس کی فراہمی کا جامع پلان تیار،ایجوکل بائیو گیس پلانٹ منصوبہ ...

 لاہور(جاوید اقبال) صوبائی دارالحکومت کے قرب و جوار میں واقع لاہور کے دیہاتوں کو گیس کی فراہمی کے لئے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے پلان تیار کر لیا ہے جس کے تحت سوئی گیس سے محروم دیہاتوں میں بائیو گیس پلانٹ لگائے جائیں گے جس کا عملی طور پر آغاز کر دیا گیا ہے اس پلان کے تحت لاہور کے سرحدی گاؤں کے مکینوں کو ہر گاؤں میں بائیو گیس پلانٹ لگانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے ابتدائی طور پر ایجوکل بائیو گیس پلانٹ کی تکمیل کرلی گئی ہے۔ایچوگل بڑا سرحدی گاؤں ہے جو کہ واہگہ کیقریب ہے اس گاؤں میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے بائیو گیس پلانٹ نے کام شروع کر دیا ہے اور یہ پلانٹ 2سو کیوبک میٹر گیس 24گھنٹے میں پیدا کرنے کی طاقت رکھتا ہے اور اس کے 2سو گھرانوں کو گیس کے کنکشن دے دیئے گئے ہیں تاہم پلانٹ کا افتتاح کرنے کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب کو کمپنی کے ایم ڈی خالد مجید نے خط لکھ دیا ہے۔ ایچوگل بائیو گیس پلانٹ صوبہ میں اپنی نوعیت کا پہلا پلانٹ ہے جس کی گیس قدرتی طور پر تیار کرنے کے لئے باٹا پور سبزی منڈی سے بوجہ ’’ویسٹ‘‘ حاصل کی جا رہی ہے اس پلانٹ پر سوا کروڑ روپے خرچ آیا ہے اور یہ پلانٹ آئندہ 20سال کے لئے ایچوگل نامی دیہات میں مکینوں کے چولہے جلائے گا جس کی تصدیق کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر خالد مجید نے کر دی ہے۔ ایم ڈی کا کہنا ہے کہ ایچوگل بائیو گیس پلانٹ مکمل ہو چکا ہے جس کے ذریعے کسی بھی وقت چالو کرکے مکینوں کو گیس فراہم کی جا سکتی ہے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈی خالد مجید نے کہا کہ ایچوگل نامی دیہات کو گیس فراہم کرنے کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر بائیو گیس کا پلانٹ لگایا گیا ہے اس کے لئے ویسٹ مقامی سبزی منڈی سے حاصل کیا جا رہا ہے یہ پلانٹ نیلے رنگ کی بائیو گیس تیار کر رہا ہے یہ گیس ایچوگل کے تمام گھرانوں کو فراہم کی جائے گی جس کے لئے ان سے 4سے 5سو روپے ماہانہ چارجز فکس وصول کئے جائیں گے اور میٹر کے چارجز 3ہزار روپے رکھے گئے ہیں جونہی وزیراعلیٰ پنجاب افتتاح کریں گے گیس چالو مر جائے گی اور گیس صبح دوپہر شام سحری افطاری کے اوقات میں فراہم کی جائے گی صبح شام مسلسل 3گھنٹے جبکہ دوپہر کو دو گھنٹے فراہم کی جائے گی انہوں نے کہا کہ یہ آزمائشی طور پر پلانٹ لگایا گیا ہے۔ اس کی کامیابی کے لئے لاکھ چندرے کے مقام پر گوبر سے گیس تیار کرکے پورے علاقے میں فراہم کی جائے گی اور اس کے ساتھ ہی حکومت نے اجازت دی تو گوبر اور منڈیوں کے ویسٹ سے دیہات میں بائیو گیس گھریلو استعمال کے لئے دی جائے گی انہوں نے کہا کہ ایچوگل بائیو گیس پلانٹ کے بعد تمام ایسے دیہاتوں جہاں گیس نہیں ہے پلانٹ لگائیں گے اور نیلے رنگ کی محفوظ گیس انہیں فراہم کریں گے جو فضا کو آلودہ نہیں کرے گی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1