پاک چین معاہدے قومی معیشت وملکی خوشحالی کیلئے خوش آئند ہیں،ظہیر بھٹہ

پاک چین معاہدے قومی معیشت وملکی خوشحالی کیلئے خوش آئند ہیں،ظہیر بھٹہ

 لاہور(کامرس رپورٹر) چیئرمین لاہور ٹاؤن شپ انڈسٹریز ایسوسی ظہیر بھٹہ نے کہا ہے کہ چینی صدر کی آمد پر دونوں ممالک کے درمیان توانائی سمیت 46ارب ڈالر کے جو 51معاہدے طے پائے وہ قومی معیشت و ملکی خوشحالی کیلئے انتہائی خوش آئند ہیں۔ ٹاؤن شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے ظہیر بھٹہ نے کہا کہ اقتصادی راہداری ، توانائی اور دیگر معاہدوں سے پاکستان ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ 8370 میگا واٹ بجلی کے ترجیحی منصوبوں سے نہ صرف توانائی بحران کا خاتمہ ہوگا بلکہ صنعتوں کو ان کی ضروریات کے مطابق وافر بجلی فراہم ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ کے دورہ پاکستان سے ملک میں معاشی و اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا اور دونوں ممالک کے درمیان 46ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدوں سے ملک میں معاشی انقلاب آئے گا ۔ انہوں نے کہا کہ وزارت پانی و بجلی کی جانب سے 18ارب ڈالر مالیت کے 14بڑے منصوبوں اور چین کی توانائی منصوبوں میں سرمایہ کاری سے ملک میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ اورصنعتوں کو وافر بجلی کی فراہمی سے حکومت کا صنعتی ترقی کا خواب بھی شرمندہ تعبیر ہوگا۔

مزید : کامرس