کراچی اور حب کے درمیان ریلوے لائن فوری بچھائی جائے:صدرلسبیلہ چیمبر

کراچی اور حب کے درمیان ریلوے لائن فوری بچھائی جائے:صدرلسبیلہ چیمبر

کراچی (اکنامک رپورٹر)صدرلسبیلہ ایوان تجارت و صنعت یعقوب ایچ کریم نے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق سے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی اور حب شہرکے درمیان ریلوے لائن بچھانے کا کام فوری طور پر شروع کیا جائے تاکہ کراچی اور حب کے درمیان روزانہ سفر کرنے والے 50ہزار مسافروں کو سہولت میسر ہوسکے انہوں نے کہا کہ چین کے صدر کے دورے کے موقع پر چین کی مدد سے اربوں ڈالر کے منصوبوں کی تکمیل کیلئے معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔ مگر اس میں ریلوے لائن کے بچھانے اور اس کے متعلق بنیادی سہولیات کو نظر انداز کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ کراچی اور حب جیسے اہم شہروں کے درمیان ریلوے سروس شروع کرنے سے خود پاکستان ریلوے کو بھی کافی آمدنی ہوسکتی ہے انہوں نے کہا کہ ضلع لسبیلہ جو کہ گوادر کی فری بندرگاہ کا گیٹ وے سمجھا جاتا ہے کی اہمیت کے پیش نظر لسبیلہ ایوان تجارت و صنعت نے بہت عر صے سے پاکستان ریلوے سے مطالبہ کیا ہوا ہے کہ کراچی اور حب شہرکے درمیان ریلوے لائن بچھائی جائے اور مسافر اور مال گاڑی کی سروس شروع کی جائے تاکہ آمدورفت کاخرچ کم ہوسکے اور اسطرح صنعتوں کیلئے پیداواری لاگت بھی کم ہوسکے گی انہوں نے کہا کہ لسبیلہ ایوان تجارت وصنعت نے ضروری معلومات ریلوے حکام کوفراہم کردی ہے اور انہوں نے اس سلسلے کو آگے بڑھانے کیلئے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی تھی مگر اس کے بعد کوئی پیش رفت نہ ہوسکی، یعقوب ایچ کریم نے امید ظاہر کی کہ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اس سلسلے کو آگے بڑھائیں گے اور اس تاریخی منصوبے کو پورا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔#

مزید : کامرس