پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنانے کی چینی صدر کی توقعات پر پورا اتریں گے ،شہباز شریف

پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنانے کی چینی صدر کی توقعات پر پورا اتریں گے ،شہباز ...

 لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے چین کے صدر شی چن پنگ کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کو ایک عالمی مدبر کا تاریخی خطاب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چینی صدر کا خطاب پاکستان اور پاکستانی عوام سے والہانہ محبت کا اظہار ہے۔ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنانے کے حوالے سے چین کے صدر شی چن پنگ کی توقعات پر پورا اتریں گے۔بلاشبہچین کے صدر کے تاریخ ساز دورے سے پاک چین دوستی کے نئے اور روشن دور کا آغاز ہوا ہے۔وہ آج اسلام آباد میں چین کے صدر کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ چینی صدر کے دورے کے دوران پوری قوم میں جو یکجہتی اور اتحاد نظر آیا، وہ بے مثال ہے اور چینی صدر کے دورے کے دوران طے پانے والے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے ضامن ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں ان معاہدوں کو عملی شکل دینے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے اورچین کے تعاون سے پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنانے کیلئے شب و روز ایک کر دیں گے اور محنت اور جہد مسلسل سے چین کے تعاون سے معاہدوں اور منصوبوں پر دن رات کام کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ چین کے صدر کے دورے کے دوران چین نے توانائی ،انفراسٹرکچر ،ٹرانسپورٹ اوردیگر شعبوں میں 46ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے تاریخ ساز معاہدے کرکے پاکستان سے دوستی کا حق نبھایا ہے۔ پاکستان اور چین کی دوستی آئندہ نسلوں کیلئے اثاثہ ہے۔ پاک چین دوستی کا بندھن رہتی دنیا تک قائم رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ چین کے صدر کا دورہ گیم چینجر ثابت ہوا ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف سے آج اسلام آباد میں پاور چائنہ کے چےئرمین ین ژی یونگ کی قیادت میں اعلی سطح کے وفدنے ملاقات کی۔ملاقات میں پنجاب میں توانائی کی منصوبہ بندی وتوانائی کے وسائل بروئے کارلانے کیلئے سروے اور ماسٹر پلان تیار کرنے پر تبادلہ خیال ہوا۔اس موقع پر پنجاب حکومت اورپاور چائنہ کے ذیلی ادارے ہائیڈرو چائنہ کارپوریشن کے مابین صوبے میں توانائی کی منصوبہ بندی اور وسائل کے سروے و ماسٹرپلاننگ کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے ۔معاہدے کے تحت ہائیڈور چائنہ کارپوریشن پنجاب میں انرجی وسائل کے حوالے سے سروے اورماسٹرپلاننگ کرے گی اورپنجاب حکومت اورہائیڈور چائنہ کارپوریشن کے سینئر حکام و ماہرین پر مشتمل ورکنگ گروپ تشکیل دینے پر اتفاق کیاگیا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہچین کے صدر کے کامیاب اورتاریخ ساز دورے کے بعد پاکستان میں معاشی ترقی کا نیا دور شروع ہوا ہے ۔چین کی سرکاری ونجی کمپنیوں کی طرف سے توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کوقدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجا ب محمد شہبازشریف سے آج اسلام آبادمیں اسٹیٹ گرڈ کارپوریشن آف چائنہ کے صدرشوین باؤ کی قیادت میں اعلی سطح کے وفد نے بھی ملاقات کی،جس میں بجلی کے منصوبوں کیلئے ٹرانسمشن لائنز بچھانے کے پراجیکٹ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت پنجاب میں جاری توانائی کے وفاقی منصوبوں میں مکمل انتظامی مدد و تعاون فراہم کرے گی۔ٹرانسمشن لائنوں کی تنصیب کے سلسلے میں اراضی ایکوائرکرنے میں کوئی تاخیر نہیں ہونے دی جائے گی۔حکومت بجلی کی پیداوار میں اضافے کے ساتھ ٹرانسمشن لائنز کی وسعت پر بھی پوری توجہ دے رہی ہے ۔

مزید : صفحہ اول