مسائل اور خامیوں کے باجود پاکستان کی دنیا پر ہیبت ہے،مجیب الرحمٰن شامی

مسائل اور خامیوں کے باجود پاکستان کی دنیا پر ہیبت ہے،مجیب الرحمٰن شامی

لاہور(خبر نگار خصوصی)جس طرح قرآن پاک کا مقام کتابوں میں بلند ہے اسی طرح علامہ اقبال کا مقام شاعروں میں بلند ہے۔علامہ اقبال کا پیغام ملت کا پیغام ہے ۔جسے چھوڑنے سے ہم مشکلات سے دوچار ہیں ، بدقسمتی سے پاکستان کی تعمیر علامہ اقبال کی تعلیمات کے مطابق نہیں ہوئی ۔مسائل اور خامیوں کے باوجود پاکستان عالم اسلام کی سب سے بڑی قوت ہے ۔اور دین اس کی ہیبت ہے ،ان خیالات کا اظہار روز نامہ’’ پاکستان ‘‘سے چیف ایڈیٹر مجیب الرحمٰن شامی نے گزشتہ روز ایوان اقبال میں علامہ اقبال کے 77ویں یوم وفات کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں اپنے صدارتی خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ چینی صدرپارلیمنٹ میں خطاب کے موقع پر علامہ اقبال کے اشعار پڑھتے رہے جبکہ پاکستانی صدر نے بھی پارلیمنٹ میں علامہ اقبال کے اشعار پڑھے۔افغان طالبان نے نیٹو اور امریکہ کو مات دی لیکن اس کامیابی کا فائدہ نہیں جس میں ہزاروں لوگ مار ے گئے، حکمت سے کام لیا جاتا تو پاکستان کی بھی طاقت ہوتی اور افغانستان کا منظر بھی کچھ اور ہوتا۔فرقہ بندی نے پاکستان کو بہت نقصان پہنچایا جس کے پیچھے محرکا ت معلوم کرنے چاہئیں ۔تقریر کے اختتام پر مجیب الرحمٰن شامی نے علامہ اقبال کی لکھی ہوئی دعا’’لب پے آتی ہے دعا بن کے تمنا میری‘‘پڑھی۔ چیئرمین ایوان اقبال سنئیر صحافی عارف نظامی نے کہا کہ ہماری رو ز مرہ زندگی میں اقبالیات کی تعلیمات بڑھانے کی ضرورت ہے۔علامہ اقبال کی تلقین کے مطابق ہمارے قول و فعل میں تضاد نہیں ہونا چاہیے۔حکومت کا علامہ اقبال کے حوالے سے تقریبات نہ منانا المیہ ہے جس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔کالم نگار اوریا مقبول جان نے کہا کہ 1905ء میں علامہ اقبال اپنی کتاب علم الاقتصادیات لیکر لاہور میں گھومتے رہے کہ کو ئی شائع کر دے جس میں تمام تر اقتصادی ترقی کے پہلومضمر تھے۔سودی نظام سب سے بڑی برائی ہے جس کیخلاف اسلام اعلان جنگ کا حکم دیتا ہے۔سنئیر صحافی سجاد میر نے کہا کہ علامہ اقبال کی سوچ کے پیچھے ایک فلسفہ تھا، دو قومی نظریے سے پہلے بھی 144تھیوریاں آچکی تھیں ۔اقبال کی اصل طاقت قرآن پاک اور عشق مصطفی تھا ۔وسطی ایشیا اور ایران میں انقلاب علامہ اقبال کے اشعارکی مرہون منت ہے۔تقریب میں علامہ اقبال کی زندگی اور کارناموں پرڈاکٹر عاکف سعید نے جامع خطاب کیا، انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال محض شاعر نہیں بلکہ حکیم الامت تھے۔پیغام اقبال سے منہ پھیرنے کی وجہ سے قوم پستی کا شکار ہے۔حکومتی نظام کی سب سے اچھی تعریف علامہ اقبال نے کی ہے۔علامہ اقبال کے مسلمانوں بالخصوص پاکستان پر بے شمار احسانات ہیں،ہمیں ان کے احسانات سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ مجیب الرحمن شامی

مزید : صفحہ آخر