سکولوں کے حفاظتی انتظامات نہ ہونے پر 2ڈی ایس پیز کی جواب طلبی

سکولوں کے حفاظتی انتظامات نہ ہونے پر 2ڈی ایس پیز کی جواب طلبی

لاہور(کر ائم سیل) ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے کہا ہے کہ سکولوں کے حفاظتی انتظامات کے حوالہ سے کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔کیٹگری کے لحاظ سے سکولوں کے حفاظتی انتظامات مکمل ہونے چاہئیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف سکولوں کا دورہ اور ناکوں کی سیکیورٹی چیک کرنے کے دوران کیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے وحدت روڈ ،بھیکے وال موڑ ،اقبال ٹاؤن ،سکیم موڑ اور شیرا کوٹ کے علاقوں کے علاوہ مختلف علاقوں میں سکولوں کا دورہ کیا اور انتظامیہ سے حفاظتی انتظا مات اور پولیس کے تعاون کے بارے میں پوچھا۔انہوں نے سکولوں کے خاطر خواہ حفاظتی انتظامات نہ ہونے پر ڈی ایس پی اقبال ٹاؤن شبیراحمد ، ڈی ایس پی مسلم ٹاؤن عبداللہ جان کو جواب طلبی کا مراسلہ اور ایس ایچ او مسلم ٹاؤن کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ پورے شہر میں تمام ڈویژنل ایس پیز ، ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز سکولوں کے حفاطتی انتظامات مکمل کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں اور تعلیمی مراکز کے اردگرد باقاعدگی سے گشت کو موثر بنائیں۔تمام تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کو ہدایت کریں کہ وہ پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور جن تعلیمی اداروں کے انتظامات نامکمل یا کسی قسم کی غفلت پائی جائے ان کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے ۔

مزید : علاقائی