ماڈل ٹاؤن میں پولیس مقابلہ ،تاوان کیلئے قتل کرنیوالا ،ملزم ہلاک،ساتھی فرار ہو گیا

ماڈل ٹاؤن میں پولیس مقابلہ ،تاوان کیلئے قتل کرنیوالا ،ملزم ہلاک،ساتھی فرار ...

 لاہور(کر ائم سیل) ماڈل ٹاؤن میں پولیس مقابلہ، سی آئی اے پولیس نے تاوان کے لیے قتل کرنے والے ملزم کو ہلاک کردیا ، پولیس نے لاش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے میں منتقل کردی ۔ ملزم نے کچھ عرصہ قبل لاہورکی ایک خاتون ایس پی کے کزن معروف تاجر کو اغوا کے بعد 50لاکھ روپے تاوان نہ ملنے پرقتل کیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق ماڈل ٹاؤن کے علاقے میں سی آئی اے پولیس نے مبینہ پولیس مقابلے میں اغوا برائے تاوان کا ملزم پار کر دیا جبکہ اس کا دوسرا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ مقابلے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پرپہنچ گئی اورمارے مانے والے ملزم کی لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے میں منتقل کردیا ۔ ملزم نے 3فروری 2015کو ایف بلاک کو جوہرٹاؤن کے رہائشی تاجر 33سالہ عمر رضا جو لاہورکی ایک خاتون ایس پی کا کزن اور 3بچوں کا باپ تھا ،کو بینک سے گھرجاتے ہوئے گاڑی سمیت اغوا کرنے کے بعدتاوان نہ ملنے پر قتل کردیا تھا جس کا مقدمہ جوہر ٹاؤن تھانے میں عمر رضا کے سسر معروف ٹرانسپورٹ نثار احمد کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا ۔ملزمان نے عمررضا کی بیوی سے فون کر کے 50لاکھ روپے تاوان مانگا تھا اوران کی بات 25لاکھ میں طے ہو گئی تھی ،اسی دوران یہ سارا معاملہ ایس پی سی آئی اے عمرورک کے نوٹس میں بھی لایا گیا جس پر سی آئی اے پولیس نے ملزمان کو ٹریس کرنے کی کوشش کی لیکن 3فروری کو ہی دوپہرایک بجے جوہرٹاؤن کے ایک بڑے سنٹر کے قریب ایک گاڑی سے عمررضا کی لاش مل گئی جسے ملزمان نے تاوان نہ ملنے پرقتل کر دیا تھا۔ گزشتہ روز سی آئی اے پولیس کو اطلاع ملی کہ گلفام اپنے ساتھی کے ہمراہ جی بلاک کے قبرستان کے قریب سے گزرے گا ،پولیس نے ملزم کو پکڑنے کے لیے ناکہ لگایا تو اس نے پولیس پرفائرنگ کر دی اور جوابی فائرنگ میں ایک ملزم مارا گیااوراس کا دوسرا ساتھی فرار ہو گیابعد ازاں معلوم ہوا کہ مارا جانے والا ملزم گلفام ہے ۔ ماڈل ٹاؤن پولیس نے سی آئی اے کے انسپکٹر بشیر نیازی کی مدعیت میں پولیس مقابلے مقدمہ درج کرلیا ۔

مزید : علاقائی