بھارتی ریاست بہار میں طوفان ، کم ازکم 32افرادجاں بحق، فصلیں تباہ

بھارتی ریاست بہار میں طوفان ، کم ازکم 32افرادجاں بحق، فصلیں تباہ
بھارتی ریاست بہار میں طوفان ، کم ازکم 32افرادجاں بحق، فصلیں تباہ

  

پٹنہ(مانیٹرنگ ڈیسک) پڑوسی ملک بھارت کی ریاست بہار میں طوفان کے باعث کم ازکم 32افرادجاں بحق اور80سے زائد زخمی ہوگئے جبکہ کھڑی فصلیں تباہ اور املاک کو شدید نقصان پہنچا۔

بہارڈیزاسٹرمنیجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے پرنسپل سیکریٹری ویاسجی نے بتایاکہ ضلع پورنیا میں 25افراد کی ہلاکت ہوئی ہے ، چھ افراد مدھیپورہ اور ایک شخص مدھوبانی میں جان کی بازی ہارگیا۔ طوفان کی وجہ سے ریاست بہار کے متعدد علاقوں میں ہزاروں درخت اکھڑگئے اور بجلی کی لائنوں کو بھی نقصان پہنچا جبکہ گندم ، مکئی اور دالوں کی کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں ۔ اُنہوں نے بتایاکہ سڑکوں پر درخت گرجانے کی وجہ سے ٹریفک اورمواصلات کا نظام بھی متاثر ہوا۔

بھارتی محکمہ موسمیات کے پٹنہ میں ڈائریکٹر آرکے گری نے بتایاکہ طوفان کی رفتار 65کلومیٹرفی گھنٹہ تھی ، یہ طوفان نیپال کی طرف سے آیا اور ریاست کے تقریباً درمیان میں بھگل پور کے علاقے میں شدت اختیار کرگیا۔اُنہوں نے بتایاکہ ایسے طوفان معمول کی بات ہے اور اِسے مقامی زبان میں ”کال بیساکھی“ کہاجاتاہے ۔

پولیس کے مطابق ریاستی حکومت نے دواضلاع میں امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں اور سینئر حکام متاثرہ علاقوں کے دورے کررہے ہیں تاکہ نقصانات کا اندازہ کیاجاسکے ۔

ریاستی حکومت نے مرنیوالوں کے ورثاءکیلئے چار لاکھ روپے فی کس امداد کا اعلان کیاہے اوریہ رقم ڈیزاسٹرمنیجمنٹ فنڈ سے اداکی جائے گی ۔

مزید : بین الاقوامی