یمن میں جنگ بندی کے اعلان کے بعد ایک مرتبہ پھر سعودی اتحادکی کارروائی
ریاض ، صنعاء(مانیٹرنگ ڈیسک) جنگ بندی کے اعلان کے بعد ایک مرتبہ پھر سعودی اتحاد نے یمن میں فضائی کارروائی شروع کردی ہے ۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق تازہ کارروائی میں سعودی اتحاد نے تعز میں باغیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایاہے جبکہ فیصلہ کن طوفان نامی آپریشن کے خاتمے کے اعلان کو 24گھنٹے بھی مکمل نہیں ہوسکے ۔
امریکی ٹی وی چینل ’سی این این ‘ کے مطابق تعزمیں باغیوں کے ایک سرکاری ملٹری بریگیڈ پر حملے کے بعد سعودی اتحادنے باغیوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایاجبکہ وہاں موجود اہلکاروں نے بھی باغیوں کے خلاف کارروائی کی تاہم یہ واضح نہیں کہ آپریشن دوبارہ شروع کردیاگیاہے یا یہ صرف جوابی کارروائی تھی ۔
یادرہے کہ گذشتہ روز سعودی عرب نے یمن میں حملے روکنے کا اعلان کیاتھا اور فوجی ترجمان نے کہاتھاکہ مقاصد حاصل کرلیے ہیں اور اب آپریشن سیاسی مرحلے میں داخل ہوگیاہے جبکہ باغیوں کے میزائل اور بھاری ہتھیار تباہ کردیئے گئے ہیں ۔