آرمی چیف نے کرپٹ عناصر کو فارغ کر کے اعلیٰ مثال قائم کی،عبدالعلیم خان
لاہور( نمائندہ خصوصی) تحریک انصا ف کے مرکزی رہنما عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ افواج پاکستان کے ادارے میں با ز پُرس کے نظام پر عمل درآمد کر کے آرمی چیف نے بلا شبہ اعلیٰ مثال قا ئم کر دی ہے اب حکمرانوں کو بھی اس کی پیروی کرنا ہو گی اور صرف زبانی جمع خرچ سے کام نہیں چلے گا ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کڑے اور بلا امتیاز احتساب کی حامی ہے وقت آگیا ہے کہ کوئی بھی شخص احتساب کے اس عمل سے بالا تر نہ ہو کیونکہ اسی میں ملک و قوم کی بھلائی ہے ،انہوں نے کہا کہ ہم جنرل راحیل شریف کو سبقت لے جانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور توقع ہے کہ حکومت بھی اب احتساب کیلئے واضح لا ئحہ عمل اختیا ر کرتے ہوئے سب سے پہلے اپنے گھر سے آغاز کرے گی ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ قومی دولت لوٹنے اور بیرون ملک منتقل کرنے والوں کو قانون کے شکنجے میں آنا چاہیے اور کسی مرتبے یا حیثیت کو خاطر میں لائے بغیر سخت ترین کار روائی کی جانی چاہیے ۔ ممبر صو بائی اسمبلی پنجاب شعیب صدیقی نے بھی آرمی چیف کی طرف سے اُٹھائے گئے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اب گیند حکومت کی کور ٹ میں داخل ہو چکی ہے میاں برادران پانامہ لیکس سمیت اپنی طر ف اُٹھنے والے سوالات کا جواب دیں اور اپنے منہ آپ میاں مٹھو بننے کی پالیسی چھوڑتے ہوئے واضح کریں کہ اُن کے بچوں نے اتنی بھاری رقوم کیسے اور کہاں سے بیرون ملک منتقل کیں ۔