سپورٹس بورڈ پنجاب کا 310رکنی دستہ قائداعظم گیمز میں شرکت کیلئے اسلام آباد روانہ
لاہور(آن لائن)سپورٹس بورڈ پنجاب کا 310رکنی دستہ پہلی بین الصوبائی قائداعظم گیمز2016ء میں شرکت کیلئے جمعرات کے روز اسلام آباد روانہ ہوگیا، گیمز23اپریل کو شروع ہورہی ہیں، دستے کی قیادت ڈائریکٹر سپورٹس حفیظ بھٹی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر وقاص اکبر، ظہور احمد اور پی آر او عبدالرؤف کررہے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کھلاڑیوں نے بھرپور تیاری کی ہے اور امید کرتے ہیں کہ تمام کھلاڑی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میڈلز جیت کر لوٹیں گے، انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو تربیتی کیمپس میں ماہر کوچز نے تربیت دی ہے ، کھلاڑیوں نے ماضی میں بھی بین الصوبائی گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، کھلاڑی جیت کے جذبے کے ساتھ میدان میں اتریں اور فاتح بن کر لوٹیں۔ واضح رہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کے کھلاڑی میگا ایونٹ میں 13کھیلوں میں حصہ لیں گے جن میں ہاکی، باکسنگ، بیڈ منٹن، کراٹے، فٹ بال، ٹینس، ٹیبل ٹینس، والی بال، ریسلنگ، سکواش، تائیکوانڈو، جوڈو اور اتھلیٹکس شامل ہیں۔