توہین رسالت،ایس ایچ اوتھانہ اسلام پورہ کو مقدمہ درج کرنے کا حکم
لاہور(نامہ نگار)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مظہر سلیم نے جعلی آئی ڈی بنا کر فیس بک پر توہین رسالت اور قرآن کی بے حرمتی کرنے والے نامعلوم شخص کے خلاف مقدمہ درج کروانے کے لئے دائر ایک وکیل کی درخواست پر ایس ایچ او تھانہ اسلام پورہ کو مقدمہ درج کرکے فیس بک سے اس نامعلوم شخص کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا حکم جاری کردیا ہے ۔عدالت میں درخواست گزار وکیل چودھری فیصل اقبال باجوہ نے اپنی اندراج مقدمہ کی درخواست میں موقف اختیار کررکھا تھا کہ گزشتہ چند روز سے فیس بک پر کسی نا معلوم شخص نے مفتی ضیاء کے نام سے ایک جعلی آئی ڈی بنائی اور اس میں ایک ایسی ویڈیو اپ لوڈ کردی جس میں نبی پاک ﷺ کی توہین کی گئی ہے
جبکہ اگلے ہی روز اس نے ایک تصویر بھی اپ لوڈ کی جس میں قرآن پاک کی انتہائی بے حرمتی کی گئی ہے جسے دیکھ کر میرے مذہبی جذبات انتہائی مجروح ہوئے ہیں لہٰذا عدالت سے درخواست ہے کہ پولیس کو اس نامعلوم شخص کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے اس کی جعلی آئی ڈی سے ٹریس کرنے کا حکم دیا جائے جس پر عدالت نے مذکورہ بالا احکامات جاری کردیئے ہیں۔