کراچی میں ہیٹ اسٹروک پیش گوئی ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ

کراچی میں ہیٹ اسٹروک پیش گوئی ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)محکمہ موسمیات نے کراچی کے شہریوں کے لئے خوفناک پیش گوئی کر دی۔ 22اپریل سے کراچی میں شدید گرمی پڑے گی ، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام ہسپتالوں میں فوری طور پر ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے متعلقہ عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں۔نجی ٹی وی کے مطابق کراچی میں گزشتہ سال کی طرح امسال بھی شدید گرمی پڑے گی ،جمعہ کے روز کراچی کا درجہ حرارت 40ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ،جبکہ ماہرین نے کراچی کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بلا ضرورت دن کے اوقات میں گھروں سے باہر نہ نکلیں اور ہیٹ اسٹروک سے محفوظ رہنے کے لئے تمام تر حفاظتی تدابیر اختیار کریں۔دوسری طرف شہر میں ممکنہ ہیٹ اسٹروک کی پیش گوئی کے پیش نظر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام ہسپتالوں میں فوری طور پر ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے متعلقہ عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں۔ میٹروپولیٹن کمشنر سمیع الدین صدیقی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام تمام ہسپتال ہیٹ اسٹروک کے حوالے سے تمام تر ضروری اقدامات مکمل کرلیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہر ہسپتال میں ایمبولینس کو تیار حالت میں رکھا جائے جبکہ درجہ حرارت کو کم سے کم رکھنے میں معاون الیکٹرونک اشیاء کو مکمل درست حالت میں رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کے فوکل پرسنز ہیٹ اسٹروک سے بچنے کے تمام ممکنہ اقدامات یقینی بنائیں اور اس حوالے سے جن اشیاء کی کمی ہو اس سے فوری طور پر آگاہ کیا جائے۔

مزید : علاقائی