آرمی چیف نے کرپشن کیخلاف قدم اٹھا کر حکومت کو پیغام دیدیا :سراج الحق

آرمی چیف نے کرپشن کیخلاف قدم اٹھا کر حکومت کو پیغام دیدیا :سراج الحق

اسلام آباد (آن لائن) آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی طرف سے کرپشن میں ملوث فوج کے 11 افسران کے خلاف اقدام اٹھانے پر خیر مقدم کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیر مولانا سراج الحق نے کہا ہے کہ آرمی چیف کا فیصلہ انتہائی قابل تحسین ہے۔ آرمی چیف نے اپنے ادارے سے کرپشن کے خلاف قدم اٹھا کر حکومت کو واضح پیغام دیا ہے۔ ملک کے تمام اداروں کو بھی اسی طرح کام کرنا چاہئے کیونکہ پاکستان اور کرپشن ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔ حکومت خود کو احتساب کیلئے عدالت کے سامنے پیش کرے۔ جمعرات کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ پانامالیکس سے حکومت کے ہاتھوں سے طوطے اڑ گئے ہیں۔ حکومت کمیشن کے حو الے سے کنفیوژن کا شکار ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ چیف جسٹس کی سربراہی میں کمیشن بنائے جائیں۔ ریٹائرڈ جج گلے سے پکڑ کر کمیشن کا سربراہ نہیں بنایا جا سکتا۔ ملک کی سیاست پر کرپٹ‘ سرمایہ دار اور کمیشن خور گروپ قابص ہے جو من پسند طور پر غیر قانونی اور غیر آئینی اقدام اٹھاتے ہیں جو کہ موذی امراض کی طرح کبھی ملک کو ٹھیک ہونے نہیں دیتے۔ احتساب کے معاملے پر ایک مکمل نظام بنانا چاہئے جو بلاتفریق سب کا احتساب کر سکثں۔ جس طرح پوری قوم دہشت گردی کے خلاف کھڑی ہوئی اس طرح معاشی دہشت گردی کرپشن کے خلاف بھی کھڑا ہونا ہو گا۔

مزید : علاقائی