جج کیساتھ بدتمیزی کرنیوالے وکیل کی مذمت کرتے ہیں،اسلام آباد ہائی کورٹ بار

جج کیساتھ بدتمیزی کرنیوالے وکیل کی مذمت کرتے ہیں،اسلام آباد ہائی کورٹ بار

اسلام آباد (کرائم رپورٹر) اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے انسداد دہشت گردی اسلام آباد کی عدالت میں لاہور کے وکیل کی جج کے ساتھ بدتمیزی کے واقعہ کی بھرپور مذمت کی اور کہا ہے کہ بنچ اور بار کے درمیان اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں ، قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی کے لئے دونوں کے درمیان احترام کا رشتہ برقرار رہنا چاہئے۔ گزشتہ روز عمران فاروق قتل کیس کی سماعت کے دوران پیش آنے واقعہ کے فوراً بعد رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ عتیق الرحمن اور اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر طارق محمود جہانگیری خصوصی عدالت پہنچ گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کے صدر سید محمد طیب ایڈووکیٹ بھی موقع پر پہنچ گئے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر طارق محمود جہانگیری نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کے وکیل منصور آفریدی کا خصوصی عدالت کے جج سید کوثر عباس زیدی کے ساتھ رویہ انتہائی جارحانہ تھا اور انہوں نے غیر پارلیمانی اور توہین آمیز کلمات کہے جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں ، انہوں نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی وکیل کی جج سے بدتمیزی کی حمایت نہیں کریں گے۔ قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی کے لئے بنچ اور بار کے درمیان احترام کا رشتہ برقرار رہنا چاہئے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر