ضلع افسران عوامی خدمات میں کوتاہی کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کریں :عظمت حینف اورکزئی

ضلع افسران عوامی خدمات میں کوتاہی کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کریں :عظمت حینف ...

پشاور( پاکستان نیوز) حکومت خیبر پختونخوا عوامی خدمات کی بروقت فراہمی کیلئے بھرپور کوشش کر رہی ہے جبکہ صوبہ بھر کے تمام ضلعی افسران عوامی خدمات میں کوتاہی پر ذمہ داروں کے خلاف فوری کاروائی کریں ۔ان خیالات کا اظہار چیف کمشنر رائٹ ٹوپبلک سروسز کمیشن خیبر پختونخوا عظمت حنیف اورکزئی نے ٹی ایم اے ہری پور میں صوبائی حکومت کی جانب سے عوامی خدمات تک رسائی بارے میں منعقدہ ایک روزہ ورکشاپ کے موقع پر خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پرڈپٹی کمشنر تسلیم خان اور ضلع ناظم عادل اسلام نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر عارف خان کے علاوہ عوامی نمائندوں اورسول سوسائٹی کی ایک کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پرمقررین نے صوبائی حکومت کے خدمات تک رسائی قانون مجریہ 2014کے تحت حکومت کی اعلان کردہ عوامی خدمات کی فراہمی اور مقررہ مدت کے اندر تکمیل کے بارے میں شرکاء پروگرام کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ صوبائی حکومت عوام کو خدمات کی فوری فراہمی جس میں مقدمات کے اندراج،مستحقین کوزکوٰۃ کی فراہمی،پینے کے صاف پانی،اسلحہ و دیگر لائسنس کے اجراء ،تعلیمی وظائف ،پیدائش و اموات کے اندراج اور گلی محلہ کی صفائی اور دیگرمتعلقہ امورکے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ شرکاء پروگرام نے صوبائی حکومت کی عوامی خدمات کے بارے میں قوانین کے اجراء کو بھرپور سراہا ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر