کمیشن کے ضابطہ کار میں غیر ضروری چیزوں کو شامل کیا گیا ،وزیر اعظم معاملات کو کسی اور طرف لے جا رہے ہیں :اعتزاز احسن
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ پاناما لیکس کے معاملے پر کمیشن کے ضابطہ کار میں غیر ضروری چیزوں کو شامل کیا گیا ہے ،وزیر اعظم معاملات کو کسی اور طرف لے جا رہے ہیں ۔
نجی نیوز چینل جیو نیوز کے پروگرام ”آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ “میں گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ وزیر اعظم نے ضابطہ کار بہت سوچ سمجھ کر بنائے ،تحقیقاتی کمیشن کے پاس صرف سول جج کے اختیارات ہونگے ،دنیا میں کہیں بھی ایسا کمیشن قائم نہیں ہوا ۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم قوم سے خطاب میں کیا باتیں کر رہے تھے ،یہ عوام کو بہلا رہے ہیں ،وزیر اعظم معاملات کو کسی اور طرف لے جانا چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار اور وزیر اعظم فرانزک رپورٹ کی بات تک نہیں کر تے ،فرانزک آڈٹ کی انٹر نیشنل فرم کی خدمات لی جائیں تو سب کچھ ثابت ہو سکتا ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ میاں نواز شریف نے 1992میں کوئی انکم ٹیکس ادا نہیں کیا ،1992کے مقابلے میں ان کی جائیداد میں اضافہ سمجھ سے باہر ہے ۔