قومی ٹیم ایشین سنوکر چیمپئن شپ کیلئے دوحہ روانہ
لاہور(سپورٹس رپورٹر) قومی ٹیم جیت کا عزم لئے 33ویں ایشین سنوکر چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے دوحہ روانہ ہو گئی، ایونٹ کا آغاز (آج) ہفتہ سے ہو گا جس میں محمدسجاد، اسجد اقبال اور محمدبلال ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ پاکستان بلیئرڈ اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن (پی بی ایس اے) کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق سجاد اور اسجد نے 42ویں قومی چیمپئن شپ میں ٹاپ پوزیشنز حاصل کر کے ایشین سنوکر چیمپئن شپ میں ملک کی نمائندگی کا اعزاز پایا جبکہ بلال کو گزشتہ برس نومبر میں آئی بی ایس ایف ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر منتخب کیا گیا۔ پی بی ایس اے حکام کا کہنا ہے کہ تینوں کیوئسٹس باصلاحیت اور انٹرنیشنل تجربہ رکھتے ہیں اسلئے ہمیں ان سے بہت توقعات وابستہ ہیں، امید ہے کہ کیوئسٹس میگا چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر کے بہترین نتائج کے ساتھ وطن لوٹیں گے۔
ایونٹ کے ڈراز کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے، محمدبلال کو گروپ ایچ، محمدسجاد کو گروپ ایم جبکہ اسجداقبال کو گروپ بی میں رکھا گیا ہے۔ ایونٹ کے کوارٹرفائنلز اور سیمی فائنلز 27 اپریل جبکہ فائنل 28 اپریل کو کھیلا جائے گا۔