دوسروں کے کا م آنے کی عادت کو فروغ دیناہو گا : مجیب الر حمٰن شامی
لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) ہیں دنیا میں وہی لوگ اچھے ،آتے ہیں جو کام دوسروں کے ۔یوم اقبال کے موقع پرہمیں علامہ اقبالؒ کے اس فرمان کو چار سو پھیلانے کی ضرورت ہے ۔اللہ پاک سے دعا ہے کہ بلیو بیل سکول کی انتظامیہ تعلیم کی روشنی کو اسی طرح ہر طرف پھیلائے ان خیالات کا اظہار چیف ایڈیٹر روزنامہ پاکستان مجیب الرحمان شامی نے بلیو بیل سکول سسٹم کی الحمراء ہال میں دوسری سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ بلیو بیل سکول سسٹم میں پوزیشنز حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو مبارک باد دیتے ہوئے مجیب الرحمان شامی نے کہا کہ طلبہ کو چا ہیے کہ وہ اسی طرح محنت اور لگن سے تعلیم حاصل کریں ۔تقریب سے پی ٹی آئی کے راہنما اور شاعر مشرق علامہ اقبال کے پوتے ولید اقبال،گروپ ایڈیٹر کوآرڈینیشن روزنامہ پاکستان ایثار رانااور بلیو بل سکول سسٹم کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اویس قرنی نے بھی خطاب کیا ۔پی ٹی آئی کے راہنما ولید اقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے موجودہ حکمرانوں کی تعلیم اور صحت کی بجائے صرف بلڈنگز پر توجہ ہے۔علامہ اقبال کا تعلیم کے حوالے سے پیغام ہرعمر اور ہر نسل کے لئے ہے ۔انہوں نے حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عزت صرف عوام کی خدمت کرنے سے ملتی ہے دوسرے ملکوں میں غیر قانونی اثاثے رکھنے پر عزت نہیں ملتی ۔گروپ ایڈیٹر کوآرڈینیشن روزنامہ پاکستان ایثار رانا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بد قسمتی کی بات ہے کہ ہم اپنے سکولوں میں بچوں کو پڑھنا لکھنا تو سکھا دیتے ہیں لیکن تعلیم دینا نہیں سکھا پاتے ۔ اس نفسا نفسی کے دور میں بلیو بیل سکول کی انتظامیہ کی جانب سے پاکستانی بچوں کو کم پیسوں میں معیاری تعلیم کی فراہمی قابل تحسین ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں دوسروں کی زبان کو اہمیت دینے کی بجائے اپنی قومی زبان اردو کو فروغ دینا چاہئے تا کہ ہمارے ملک کے نونہال احساس کمتری کا شکار نہ ہوں ۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر بلیو بیل سکول سسٹم اویس قرنی نے اپنے خطاب میں معزز مہمانوں کا تقریب میں آمد پر شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ کم پیسوں میں معیاری تعلیم کی فراہمی بلیو بیل سکول سسٹم کا مشن ہے ۔انہوں نے نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارک باد دی ۔ تقریب کے دوران سکول کے طلبہ نے مختلف قومی نغمات پر ٹیبلوز پیش کر کے حاضرین کو خوب محظوظ کیا ۔تقریب میں بلیو بل سکول سسٹم کی پرنسپل مس ثمینہ ،وائس پرنسپل مجتبی احمد،ڈائریکٹر عثمان سلیم اور طلبہ کے والدین کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی مجیب الرحمان شامی نے بیسٹ ٹیچر کا ایوارڈ جیتنے والی اساتذہ اور نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کئے۔