گورنمنٹ ٹاؤن شپ کالج میں کیریئرکونسلنگ سنٹر کا باقاعدہ آغاز

گورنمنٹ ٹاؤن شپ کالج میں کیریئرکونسلنگ سنٹر کا باقاعدہ آغاز

  

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)گورنمنٹ ٹاؤن شپ کالج لاہور میں پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے قائم کردہ کیرئیر کونسلنگ سنٹر کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ چیئر پرسن پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈٖاکٹر محمد نظام الدین نے کیرئیر کونسلنگ سنٹرکا افتتاح کیا۔ اس موقع پر طلباو طالبات سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے تعلیمی اداروں سے فارغ التحصیل طلبہ کے لئے مارکیٹ میں روزگار کے مواقعوں میں کمی کی ایک بڑی وجہ ہے طلبہ کی رہنمائی نہ ہونا ہے۔ ان کے پاس ڈگریاں تو ہوتی ہیں لیکن ضروری مہارت اور مارکیٹ کے رجحانات سے لا علم ہوتے ہیں جس کی وجہ سے وہ آجر کی توقعات اور معیار پر پورا نہیں اترتے۔ اسی چیز کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے طلبہ کے لئے ملازمت کے مواقع بڑھانے اور مارکیٹ کی ضروریات، رجحانات اور معیار کے مطابق ڈھالنے کے لئے ابتدائی طور پرپنجاب کے چار منتخب کالجوں میں 80 لاکھ کی مالیت سے کیرئیر کونسلنگ سنٹرز قائم کیے گئے ہیں۔

جن میں گورنمنٹ ٹاؤن شپ لاہور، گورنمنٹ کالج برائے خواتین گوجرانوالہ، گورنمنٹ سول لائنز کالج ملتان اور گورنمنٹ کالج برائے خواتین فیصل آباد شامل ہیں۔ ہر کالج کو اس مد میں 20 لاکھ دیے گئے ہیں۔ پروفیسرڈاکٹر نظام الدین کا مزید کہنا تھا کہ اس پراجیکٹ کا مقصد صوبے کے اعلی تعلیمی اداروں کے نوجوانوں کے لئے ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے جہاں پران کو ان کے پیشہ ورانہ شعبوں میں ضروری رہنمائی اور تربیت فرا ہم کی جائے گی۔ ان کیرئیر کونسلنگ سنٹرز کے تحت مختلف سیمینارز، ورکشاپس، اورجاب فیئرز،کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ نوجوانوں کو ان کے کیئرئیر سے متعلق بہترین رہنمائی فراہم کی جا سکے۔اس موقع پر پرنسپل گورنمنٹ کالج ٹاون شپ پروفیسر ڈاکٹر محمد اعجاز بٹ نے خطاب کرتے ہوئے پنجاب ایچ ای سی کی جانب سے کالج میں کئیریر کونسلنگ سنٹر کے قیام پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کمیشن کے قیام سے کالج سیکٹر جس کو ایک عرصہ سے نظر انداز کیا جا رہا تھا کو بھی خصوصی توجہ ملی ہے جو کہ پنجاب میں کالجز کے تعلیمی معیار کی بہتری کے لئے ایک اچھی کاوش ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کالج میں پنجاب ایچ ای سی کی جانب سے کمیونٹی کالج پراجیکٹ بھی شروع کیا گیا ہے جس کے تحت ا مریکہ، کینیڈا اور دیگر ترقی یافتہ ممالک کی طرز پرطلباء و طالبات کے لئے مارکیٹ کی ضروریات پر مبنی مضامین میں دو سالہ بیچلرسمیسٹر سسٹم کی بنیاد پر ڈگری پروگرام بھی آفر کیے جا رہے ہیں۔ کیرئیر کونسلنگ سنٹر کے افتتاع کے موقع پر طلباء ، اساتذہ اور پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -