کارکن کپتان کی قیادت میں اگلی اننگز کھیلنے کیلئے تیار ہیں ، عبدالعلیم

کارکن کپتان کی قیادت میں اگلی اننگز کھیلنے کیلئے تیار ہیں ، عبدالعلیم

  

لاہور(نمائندہ خصوصی)تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے کارکن کپتان کی قیادت میں اگلی اننگز کھیلنے کیلئے تیار ہیں ہمارے لیے دھرنے اور جلسے کوئی نئی بات نہیں عمران خان کی سربراہی میں کرپشن کے خلاف میچ جیتنے تک جنگ جاری رہے گی عبدالعلیم خان نے کہا کہ پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب سے 28اپریل کے اسلام آباد کے جلسے میں بھرپور شرکت کی جائے گی اور کرپٹ وزیر اعظم کے استعفے تک دباؤ ڈالتے رہیں گے انہوں نے کہا کہ کس قدر ظلم اور افسوس کی بات ہے کہ ملک کی سب سے بڑی عدالت کے 2سینئر جسٹس صاحبان کے واضح فیصلے کے باوجود نواز شریف اقتدار سے علیحدہ ہونے کو تیار نہیں اور میں نہ مانوں گی کی رٹ لگاتے ہوئے ابھی بھی عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ثابت ہو گیا ہے کہ یہ سب پی ٹی آئی کی جدوجہد کا نتیجہ تھا اگر عمران خان قوم کو سڑکوں پر نہ نکالتے تو پاناما لیکس کبھی بھی اپنے انجام کو نہ پہنچتا عبدالعلیم خان نے کہا کہ ہمارے حوصلے جوان ہیں۔

اور پی ٹی آئی کا ہر کارکن اسی جوش و جذبے کے ساتھ میدان میں ہوگا اگر نواز شریف اقتدار سے چمٹے رہے تو وہ پورے نظام کو داؤ پر لگائیں گے اور جمہوری سسٹم کو کچھ ہوا تو اس کی ذمہ داری بھی انہی پر ہو گی انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ آنے کے بعد نواز لیگ کی مصنوعی خوشیاں ماند پڑ چکی ہیں اور خود حکومتی وزراء تسلیم کر رہے ہیں کہ شریف فیملی منی ٹریل دینے میں ناکام رہی ہے اور مزید تحقیقات میں شریف خاندان کا مزید کچا چٹھا سامنے آئے گا عبدالعلیم خان نے کہا کہ سندھ اور کے پی کے کی اسمبلیوں کی طرف سے وزیر اعظم کے استعفے کی قراردادیں پاس ہورہی ہیں جبکہ سینٹ اور قومی اسمبلی میں گو نواز گو کے نعرے لگ رہے ہیں ان حالات میں بھی اگر نواز شریف استعفیٰ نہ دیا تو خود حکومتی پارٹی جلد انتشار کا شکار ہو جائے گی اور چند اراکین بھی باضمیر ہوئے تو وہ اس واضح کرپشن کا ہر گز ساتھ نہیں دیں گے عبدالعلیم خان نے کہا کہ ان حالات میں قومی مسائل میں بھی اضافہ ہو گا ملک کومزید بحرانوں کی طرف دھکیلنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -