گھی سیدھی انگلی سے نکلے یا ٹیڑھی سے آخری حد تک جائیں گے:فواد چوہدری

گھی سیدھی انگلی سے نکلے یا ٹیڑھی سے آخری حد تک جائیں گے:فواد چوہدری

  

اسلام آباد(آن لائن) ترجمان پاکستان تحریک انصاف فواد چوہدری نے کہا ہے کہ گھی سیدھی انگلی سے نکلے یا ٹیڑھی انگلی سے، وزیراعظم کے مسئلے میں ہم آخری حد تک جائیں گے۔ وزیراعظم نواز شریف سے جے آئی ٹی میں ہونیوالی تفتیش پبلک کے سامنے لائی جانی چاہیئے۔ عدالت کے ساتھ پہلے بھی تعاون کیا اور آئندہ بھی ہم تعاون کریں گے۔ یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں اپنے پارٹی رہنماؤں مراد سعید اور شبلی فراز کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کی دولت کے پیچھے بھی ایک جرم کی بڑی داستان ہے۔ لیگی ترجمانوں نے جسٹس آصف سعید کھوسہ اور جسٹس گلزار کے آرڈرز کو صحیح پڑھا نہیں کیونکہ ان کی انگریزی کمزور ہے اور عابد شیر علی کی جگہ تو انتخابات میں کسی اور نے پرچے دیئے جس سے وہ پاس ہوئے۔ سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا ہے کہ ن لیگ کے ترجمان ٹی وی پر کہتے رہے لیکن کوئی ثبوت پیش نہ کر سکے۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے بھی فیصلے میں لکھا کہ مریم ‘حسن اور حسین نواز کے انٹرویوز میں تضاد ہے۔ قطری کے خط کو بھی یکسر مسترد قرار دیا گیا جبکہ کلثوم نواز کے بیان بھی ایک اور کہانی بیان کرتے ہیں۔ اس موقع پر مراد سعید نے کہا کہ ملک میں اگر کوئی سرٹیفائیڈ چور ہے تو وہ نواز شریف ہے۔ پانامہ فیصلے سے ثابت ہو گیا کہ یہ سارا خاندان ہی جھوٹوں کا ہے۔ حدیبہ پیپر ملز کو دوبارہ کھولنے کا مطلب ہے کہ ابھی مزید تلاشی ہوگی ۔ ہم عوامی رابطہ مہم شروع کر رہے ہیں۔ 28اپریل کو اسلام آباد میں جلسہ کریں گے جبکہ بعد ازاں سرگودھا، نوشہرہ اور دیگر شہروں میں بھی جلسے کئے جائیں گے۔ شبلی فراز نے کہا کہ ہم پارلیمنٹ کے اندر اور باہر احتجاج کریں گے۔ انہیں مٹھائیاں بانٹنے کی بجائے روزے رکھنے اور نفل پڑھنے چاہئیں۔

مزید :

صفحہ آخر -