محبتیں لیکرواپس جا رہے ہیں، پاکستان اوربھارت امن سے رہیں : سکھ یاتری
لاہور ( این این آئی) بیساکھی میلے میں شرکت کے بعد سینکڑوں سکھ یاتری واپس بھارت روانہ ہوگئے ، سکھ یاتریوں کو سخت سکیورٹی میں ریلوے سٹیشن لایا گیا جہاں چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ صدیق الفاروق نے مہمانوں کو تحائف دے کر رخصت کیا۔تفصیلات کے مطابق سکھ یاتری 12اپریل کوخصوصی ٹرین کے ذریعے پاکستان پہنچے تھے، سکھ یاتریوں نے 10روز پاکستان میں قیام کے دوران حسن ابدال میں بیساکھی میلے میں شرکت کی،ننکانہ صاحب میں ماتھاٹیکی کی رسم اداکرنے کیساتھ دیگر مذہبی مقامات کی یاترا بھی کی۔ریلوے اسٹیشن پر متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئر مین صدیق الفاروق نے سکھ یاتریوں کو الوداع کہتے ہوئے کہا بھارتیوں کو جس طرح پاکستان میں سہولیات فراہم کی جاتی ہیں، وہ چاہتے ہیں پاکستانیوں کو بھی بھارت میں اسی طرح سہولیات فراہم کی جائیں جبکہ سکھ یاتریوں کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان سے محبت لیکر جا رہے ہیں ۔ پاکستانیوں نے انہیں بہت پیار دیا ، مذہبی رسومات کی ادائیگی میں حکومت نے مکمل تعاون کیا، سکھ یاتریوں کا کہنا تھا پاکستان اور بھارت دونوں ہمسایہ ممالک ہیں ، دونوں کو امن کیساتھ رہنا چاہیے ۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات، پولیس اور ایلیٹ فورس کیساتھ ساتھ رینجرزحکام بھی ریلوے اسٹیشن پر تعینات تھے جبکہ اسٹیشن پر کسی بھی غیر متعلقہ شخص اور گاڑی کا داخلہ بند تھا۔