امید ہے امریکی حکومت "شٹ ڈاؤن"نہیں ہوگی: صدر ڈونلڈٹرمپ

امید ہے امریکی حکومت "شٹ ڈاؤن"نہیں ہوگی: صدر ڈونلڈٹرمپ

  

واشنگٹن( بیورو چیف) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ بجٹ مذاکرات کامیاب ہونگے جس سے حکومت کے "شٹ ڈاؤن"ہونے کا خطرہ ٹل جائیگا۔ جمعہ کی دوپہر وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں میڈیا سے بات چیت میں انکا کہنا تھا "میرے خیال میں ہماری صورتحال بالکل درست ہے"آئندہ جمعہ کے روز کانگریس کی طرف سے عبوری فنڈنگ کی مہلت ختم ہو رہی ہے اسلئے ٹرمپ انتظامیہ اور کانگریس کے درمیان اخراجات کے بل ہر مذاکرات کا سلسلہ زوروشور سے جاری ہے۔ مذاکرات میں فی الحال ایک بڑی رکاوٹ یہ ہے کہ ڈیموکرئیک پارٹی کے ارکان اخراجات کے پیکج میں اوبامہ کا ہیلتھ کئیر منصوبہ ’’اوبامہ کئیر‘‘شامل کرنے پر اصرار کر رہے ہیں، اسکے ساتھ ٹرمپ انتظامیہ کا اصرار ہے کہ جنوبی سرحد پر دیوار تعمیر کرنے کیلئے بھی ضروری فنڈ بل میں برقرار رکھے جائیں۔ موجو د ہ مالی سال 30ستمبر کو ختم ہو رہا ہے اور اگر اخراجات کا پیکج منظور ہوجاتا ہے تو پھر اس مدت تک حکومت کے "شٹ ڈاؤن"ہونے کا امکان ختم ہو جائیگا اور موجودہ مالیاتی بحران ٹل جائیگا۔ وائٹ ہاؤس کے پریس سیکرٹری سین سپائسر نے بھی یقین ظاہر کیا ہے کہ"شٹ ڈاؤن"نہیں ہوگا۔ تاہم وائٹ ہاؤس کے بجٹ آفس نے وفاقی محکموں اور ایجنسیوں کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ اگر"شٹ ڈاؤن"ہو گیا تو پھر ایسی صورت میں انہوں نے کیا اقدامات اٹھانے ہیں۔

مزید :

صفحہ آخر -