رانا مشہود ان ایکشن، سرکاری سکولوں کا اچانک معائنہ، بچوں سے کام کرانیوالا ہیڈماسٹر معطل

رانا مشہود ان ایکشن، سرکاری سکولوں کا اچانک معائنہ، بچوں سے کام کرانیوالا ...

  

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں نے رائیونڈ روڈ پر واقع مختلف سرکاری سکولوں کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے سکولوں میں تدریسی سرگرمیوں اور بچوں کو فراہم کی جانیوالی سہولیات کا جائزہ لیا۔ رانا مشہود احمد خاں نے گورنمنٹ مڈل سکول فار بوائز جلال پورہ کے اچانک دورہ کے موقع پر بچوں سے کام کروانے کی پاداش میں ہیڈ ماسٹر کو معطل کر کے سی ای او ایجوکیشن لاہور طارق رفیق کو انکوائری کا حکم دیا۔ صوبائی وزیر نے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول لدھیکے میں مختلف کلاس رومز میں تدریسی عمل کا جائزہ لیا، بچوں سے مختلف سوالات کئے اور سبق سنانے پر طلبہ کو نقد انعامات دیئے۔انہوں نے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول جودھودھیرمیں بچوں کو فراہم کی جانیوالی تعلیمی سہولیات کا جائزہ لیا اور درس و تدریس کے عمل کا معائنہ بھی کیا ۔صوبائی وزیر نے سکول میں کمپیوٹر لیب کے استعمال اور طلباء و طالبات کی سو فیصد حاضری یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے زیر تعمیر بلاک کا معائنہ کیا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ نئے کمروں کی تعمیرکے دوران کوالٹی پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔صوبائی وزیر نے کمپیوٹر لیب، سائنس لیبارٹری اور دیگر شعبوں کا بھی معائنہ کیا۔اس مو قع پرانہوں نے ہدایت کی کہ سکولوں میں انرولمنٹ کے اہداف کو مکمل کیا جائے اور ڈراپ آؤ ٹ رجحان کو روکنے کیلئے ٹھوس عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ حکومت کے وضع کر دہ قواعد کے مطابق سکولوں کی سکیورٹی کے انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، اس سلسلہ میں کوتاہی بر داشت نہ کی جائے گی۔ صوبہ بھر میں شفاف طریقہ امتحان کے مؤثر نفاذ سے بوٹی مافیا کا خاتمہ کیاگیا ہے جس سے میرٹ کی بالادستی قائم ہوئی ہے۔ حکومت نے ایجوکیٹرزخالصتاً میرٹ پر بھرتی کیے ہیں۔

مزید :

صفحہ آخر -