چین کی کمونسٹ پارٹی کے وفدکی پیپلزپارٹی کے رہنماؤں سے ملاقات

چین کی کمونسٹ پارٹی کے وفدکی پیپلزپارٹی کے رہنماؤں سے ملاقات

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) چین کی کمونسٹ پارٹی کے ایک وفد نے زرداری ہاؤس کا دورہ کیا اور وہاں پاکستان پیپلزپارٹی کے ایک وفد سے ملاقات کی۔ چینی وفد کی قیادت لوین شی جو کہ کمونسٹ پارٹی کے سنٹرل کمیٹی کے رکن ہیں نے کی اور پاکستانی وفد کی قیادت پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمن نے کی۔ اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے معاملات پر گفتگو ہوئی اور دونوں اطراف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات کو مستحکم کیا جائے گا اور اس کے ساتھ ساتھ پاکستان پیپلزپارٹی اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے تاریخی رشتے کو مضبوط کیا جائے گا۔ دونوں اطراف سے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی ان کوششوں کو یاد کیا گیاجو انہوں نے دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط کرنے کے لئے کیں۔ صدر آصف علی زرداری کی متحرک قیادت کو بھی سراہا گیا کہ جن کی کوششوں سے چین کو گوادر کی بندرگاہ کے ذریعے بحیرہ عرب تک رسائی دی گئی اور آصف زرداری کی چین پاکستان اکنامک کوریڈور پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوششوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی متحرک قیادت کو بھی سراہا جن کی وجہ سے کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ اور پاکستان پیپلزپارٹی کے درمیان تعلقات میں نئے سرے سے گرم جوشی آئی کیونکہ چیئرمین بلاول بھٹو 2008ء سے چین کا دورہ کرتے رہے ہیں۔ پاکستان پیپلزپارٹی کاایک وفد مئی کے مہینے میں چین جائے گا اور چین کی ترقی کے ماڈل کا تجزیہ کرے گا اور اس کے ساتھ ہی چین کی کیمونسٹ پارٹی کی قیادت سے تعلقات مستحکم کرے گا۔ چین کے وفد میں پاکستان میں چین کے سفیر سن وی ڈانگ، مس یاؤ ہوئی، ینگ یوئی، یو ینگ ہویاؤ ڈانگ اور ٹیم وی شامل تھے جبکہ پاکستانی وفد میں سینیٹر فرحت اللہ بابر، سینیٹر سسی پلیجو، سینیٹر روبینہ خالد، پی پی پی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات چوہدر منظور، سابق ڈپٹی سپیکر نیشنل اسمبلی فیصل کریم کنڈی اور سابق رکن قومی اسمبلی نور عالم خان شامل تھے۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -