افغانستان :نماز جمعہ کے دوران آرمی ہیڈ کوارٹر پر حملہ ،8اہلکار ہلاک
آژ کابل (مانیٹرنگ ڈیسک) افغان صوبے بلخ میں نماز جمعہ کے دوران ہونیوالے آرمی ہیڈ کوارٹر پر حملے کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک ہوگئے، گزشتہ دو ماہ کے دوران حکومت مخالف جنگجو گروپوں کی جانب سے آرمی کی تنصیبات پر یہ دوسرا براہ راست حملہ ہے۔افغان میڈیا کے مطابق بلخ میں واقع افغان نیشنل آرمی کی 209 شاہین کور کمانڈر ہیڈ کوارٹر پر متعدد جنگجوؤں کی جانب سے نماز جمعہ کے دوران حملہ کیا گیا۔ سرکاری حکام کا کہنا ہے جنگجوؤں نے آرمی ہیڈ کوارٹر پر حملہ دوپہر ڈیڑھ بجے کیا جس کے بعد افغان آرمی کی جانب سے جوابی کارروائی کی گئی۔ جنگجوؤں اور افغان فوج میں یہ مقابلہ پانچ گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہا جس کے نتیجے میں تمام حملہ آور مارے گئے جبکہ افغان آرمی کے بھی 8 اہلکار ہلاک ہوئے، اس حملے کی تاحال کسی گروپ نے ذمہ داری قبول نہیں کی ۔واضح رہے دو ماہ قبل حکومت مخالف جنگجوؤں کی جانب سے کابل میں سردار محمد داد ملٹری ہسپتال پر حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں 50 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔