بجلی کا بدترین بحران،و اپڈا جمعہ کے اوقات میں بھی لوڈشیڈنگ سے باز نہ آیا

بجلی کا بدترین بحران،و اپڈا جمعہ کے اوقات میں بھی لوڈشیڈنگ سے باز نہ آیا

  

ملتان،وہاڑی،میلسی، بوریوالا،دھنوٹ(سٹاف رپورٹر،نمائندگان)میپکو ریجن میں بجلی کا بدترین لوڈشیڈنگ کا دورانیہ20گھنٹے تک پہنچ گیا کاروبار زندگی مفلوج شہری بلبلا اٹھے وہاڑی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا اس سلسلے میں ملتان سے سٹاف رپورٹر کے مطابق میپکو ریجن کو 3500 میگا واٹ بجلی کی طلب کے مقابلے میں 1800 سے 2000 میگا واٹ بجلی کی فراہمی کے باعث صارفین اذیت میں مبتلا ہو گئے ‘میپکو ریجن میں شدید گرمی میں بجلی کا بدترین بحران جاری ہے۔ریجن کے شہروں میں 8 سے 12 گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 18 سے 20 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ سکولوں اور

کالجوں میں کئی طلبا وطالبات کی حالت غیر ہو گئی ۔بتایاگیا ہے کہ میپکو ریجن کو 3500 میگا واٹ بجلی کی طلب کے مقابلے میں 1800 سے 2000 میگا واٹ بجلی کی فراہمی کے باعث خطے کے رہائشی اذیت میں مبتلا ہیں۔ گزشتہ روز نماز جمعہ کے اوقات میں بھی خطے کے اکثر شہروں اور دیہات میں بجلی بند رہی۔ گرڈسٹیشنوں کی بندش کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ صارفین سراپا احتجاج ہیں کہ حکومت، وفاقی وزارء پانی وبجلی پانامہ کیس میں وزیر اعظم کی نااہلی سے بچنے پر میڈیا پر حکومت کی کارکردگی بیان کرتے نہیں تھک رہے ہیں جبکہ ملک میں جاری بجلی کے بدترین بحران کو دور کرنے کے حوالے سے کوئی اچھی خبر قوم کو سنانے کو تیار نہیں ہیں۔ دوسری جانب میپکو حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ملتان میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کرکے 4سے 6 گھنٹے کر دیا گیا ہے۔وہاڑی سیبیورو رپورٹ +نا مہ نگار کے مطابق پا کستان تحریک انصاف تحصیل وہاڑی اورسٹی وہاڑی کی جانب سے بجلی کی طویل بدترین غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف تحصیل صدرمیاں جہانزیب دولتانہ،سٹی جنرل سیکرٹری راناعبدالوحیدکی قیادت میں عہدیداران و جملہ ممبران نے شد ید گرمی میں وہاڑی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیااوردھرنادیا، احتجاجی دھرنے میں مظہرخان ایڈووکیٹ،محمدسیفل خان ایڈووکیٹ،سجادحسین بھٹی،شیخ خرم،چودھری ہمایوں،عبدالغفارانجم،شاہین خان،آصف خان،باسط گجر،وقاربھٹی،جمال سرور،فرحان چودھری،ندیم ساقی،مطلوب بھٹی ، عبداللہ چودھری ، دلشاد جٹ ،عرفان مرزاسمیت کارکنوں کی کثیرتعدادنے شرکت کی جبکہ احتجاجی دھرناسے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی نا قص غلط پا لیسیوں کی وجہ سے ملک میں بد ترین لو ڈشیڈنگ جاری ہے جس کی وجہ سے عوام کی مشکلات اور پریشانی میںآئے روز اضافہ ہورہا ہے ،احتجاجی شرکا ء نے حکومت خلاف شدیدنعرہ بازی کرتے ہوئے گو نو ا ز گو ، حکمران مردہ با د کے نعرے بھی لگا ئے ۔میلسی سے نمائندہ پاکستان کے مطابق بجلی کی غیراعلانیہ اوربدترین لوڈشیڈنگ سے کاروبارمفلوج ہوگیابجلی کی بندش سے شہری گھبراگئے اوربچے اوربوڑھے اسہال کے مرض میں مبتلاہوگئے اورشہری بھرمیں پینے کے پانی کابھی بحران پیداہوگیاشہریوں نے اصلاح واحوال کامطالبہ کیاہے۔بورے والا سے نمائندہ پاکستان کے مطابق بورے والا شہر اور گر دو نواح کے علاقوں میں بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ اور گرمی اور بجلی کی طویل لوڈ شیدنگ سے شہری سخت پریشان ہیں۔جبکہ لوگوں کا بجلی کی طویل بندش اور سخت گرمی سے برا حال ہو رہا ہے۔ اور عوام کا کاروبار بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ بجلی کی بار بار ٹرپنگ سے لوگوں کا الیکٹرونکس کا قیمتی سامان جل گیا ہے۔ دھنوٹ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق دھنوٹ اور گرد و نوح مین بجلی کی لوڈشیدنگ انتہائی عروج پر ہے ۔شدید گرمی میں شہری بلبلا اُٹھے۔ 24گھنٹے میں صرف 4گھنٹے کیلئے بغیر شیڈول بجلی آتی ہے اور وہ بھی ڈِم لائٹ اور15,15منٹ کے وقفے سے۔پینے کیلئے پانی کی تلاش میں لوگ برتن اٹھا کر در در کی ٹھوکریں کھاتے رہے۔نمازِ جمعۃالمبارک کے وقت بھی بجلی نہ ہونے کی وجہ سے نمازی وضو کیلئے اوردورانِ نماز پریشانی کا شکار رہے۔جب واپڈااآفس رابطہ کیا جاتا ہے تو کبھی لوڈ شیڈنگ کا وقت اور کبھی فیڈر میں بجلی نہ ہونے کا بہانا بنایا جاتا ہے۔شہریوں نے ڈی سی لودھراں سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی صورت حال بہتر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

مزید :

ملتان صفحہ آخر -