پیپلزپارٹی سندھ کا ’’گونواز گو‘‘ تحریک شروع کرنے کا اعلان
کراچی (این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی سندھ نے وزیراعظم نواز شریف کیخلاف گونوازگو تحریک شرو ع کرنے اور 23اپریل کو سندھ بھر کے ضلعی ہیڈکوارٹرز اور 26اپریل کو کراچی میں احتجاجی دھرنے دینے کا اعلان کردیا ہے ۔یہ اعلان پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثاراحمد کھوڑونے جمعہ کو سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر پی پی پی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی، سعید غنی ،شہلا رضا اور راشدربانی بھی موجود تھے۔نثاراحمد کھوڑو نے کہا جے آئی ٹی ملزمان کیخلاف مزید تحقیقات کیلئے تشکیل دی جاتی ہے اورپانامہ کیس میں عدالت کی جانب سے جے آئی ٹی کی تشکیل کا حکم وزیر اعظم کو ملزم قرار دے کر چارج شیٹ عائد کرنے کے مترادف ہے ۔ وزیرا عظم نے پارلیمنٹ میں تقریر اور قوم کو خطاب میں الگ الگ موقف رکھ کر جھوٹ بولا ہے اور وہ امین اور صادق نہیں رہے ہیں اسلئے وہ اخلاقی طور پر وزیراعظم کے عہدے پر رہنے کا جواز کھو چکے ہیں،ہمارا مطالبہ ہے نواز شریف استعفیٰ دیکر تحقیقات کا سامنا کریں۔قوم نے پانامہ فیصلے کا ایک سال تک انتظار کیاعدالت عوام کو راہ نجات دلائے گی مگر عدالتی فیصلے نے عوام کو مایوس کیا ہے اور عوام کو فیصلے سے کچھ حاصل نہیں ہوا ۔ عدالت نے ایک سال میں وزیراعظم کو طلب کرکے کچھ پوچھنا بھی مناسب نہیں سمجھا اوراب ماتحت افسران سے وزیراعظم کی تحقیقات کرانا انہیں راہ فرار کا موقع دینے کا مترادف ہے ۔ قانون سب کے برابر ہونا چائیے مگر سپریم کورٹ نے ہمیشہ ن لیگ کیلئے ہلکا ہاتھ رکھا جبکہ ماضی میں شہید بینظیر بھٹو کی حکومت کو کرپشن الزام کے تحت ختم کیا گیا تھا۔ عدالت نے پانامہ کیس فیصلے میں وزیراعظم کو نااہل نہ کرکے عوام کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے ۔ سپریم کورٹ کے دو سینئر ججز نے وزیراعظم کو امین و صادق قرار نہیں دیا اورتین دیگر ججز نے بھی یہ نہیں کہا کہ وہ امین اور صادق ہیں ۔ استعفیٰ دینے تک نوازشریف پر عوامی دباؤ بڑھائیں گے اور جب تک وہ استعفیٰ نہیں دینگے تب تک سندھ میں ہر جگہ احتجاج اور گو نواز گو دھرنے دیئے جائینگے۔ سندھ میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ، پانی و گیس کی عدم فراہمی کے ذمہ دار بھی وزیر اعظم ہیں ۔