بلاک شناختی کارڈ کے معاملہ پر سنجیدہ اقدامات اٹھا رہے ہیں،مرتضی جاوید عباسی

بلاک شناختی کارڈ کے معاملہ پر سنجیدہ اقدامات اٹھا رہے ہیں،مرتضی جاوید عباسی

  

اسلا م آباد(سٹاف رپورٹر)قائم مقام سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ بلاک شناختی کارڈ کا معاملہ 2003-04سے التوا کا شکار تھا گزشتہ حکومتوں نے اس کو حل کرنے پر کوئی توجہ نہیں دی۔انہوں نے کہا کہ موجود ہ حکومت اور وزرات داخلہ اس مسئلے کو حل کرنے میں سنجیدگی سے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کے روزپارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ قائم مقام سپیکر نے کہا کہ بلاک شناختی کارڈ ایک قومی مسئلہ ہے اور اس میں چاروں صوبوں کے 3لاکھ 60ہزار کارڈز بلاک ہیں ۔ انہو ں نے کہا کہ وزرات داخلہ کی طر ف سے ان کی سر براہی میں 5جنوری 2017کو بنائی جانے والی پارلیمانی کمیٹی جس میں میں تمام پارلیمانی جماعتوں کے نمائندے شامل تھے نے اپنے 6فروری ،22فروری اور 8مارچ کو ہونے والے اجلاسوں میں بلاک شناختی کارڈوں کی بحالی کے لیے اپنی سفارشات مرتب کیں۔ انہوں نے کہا کہ سب کی مشاورت سے کمیٹی نے اپنی سفارشات ورزات داخلہ کوبجھوائیں جن پر وزرات داخلہ میں قانونی تقاضوں پر غور کرنے کے بعد 19اپریل کو نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے ۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ بلاک شناختی کارڈ کی بحالی جلد شروع ہو جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی کی سفارشات کے مطابق بلاک شناختی کارڈ کی بحالی کے لیے ضلعی سطح پر ڈپٹی کمشنر کی سر براہی میں کمیٹیاں تشکیل دی جارہی ہیں جس میں ضلعی پولیس افسر ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر نادرہ ،آئی ایس آئی اور آئی بی کے نمائندے ممبر ہونگے ۔ کمیٹی مطلوبہ دستاویزات کی چھان بین کے بعدنارمل کیسیز کو 6دنوں اور پیچیدہ کیسیز پر تیس دنوں کے اندر بلاک شناختی کارڈ کی بحالی کا فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس کمیٹی کی براہ راست نگرانی اس ضلع کے ممبرقومی اسمبلی کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ بلاک شناختی کارڈ کی بحالی کے لئے درخواست گزار کی طر ف سے ان دستاویزات جن میں سال 1978ء سے قبل اندراج کر دہ اراضی کا ریکارڈ (محکمہ مال سے تصدیق شدہ) ، سال1978ء سے قبل جاری کردہ مقامی ۔ڈومیسائل سر ٹیفکیٹ اور جاری کرنے والی اتھارٹی کی جانب سے تصدیق کردہ، محکمہ مال کی جانب سے جاری اور تصدیق کردہ شجرہ نسب ، سال 1990ء سے قبل اپنا یا خونی رشتے دار کی سر کاری ملازمت کا سر ٹیفیکٹ ، تصدیق شدہ تعلیمی اسناد (سال 1978ء سے قبل جاری کر دہ پاسپورٹ ، سال 1978سے قبل حکومت پاکستان کی جانب سے جاری کردہ کوئی اور دستاویز اور جاری کرنے والی اتھارٹی کی جانب سے تصدیق کردہ (بشمول سال 1978ء قبل جاری کردہ اور ریکارڈ سے تصدیق شدہ اسلحہ لائسنس ،ڈرائیونگ یادستی قومی شناختی کارڈ) شامل ہیں میں سے کسی ایک یا زاہد کے فراہم کرنے پر بلاک شناختی کارڈ بحال کر دیا جائے گا ۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -