اللہ عابد شیر علی کو ہدایت نصیب فرمائے ،حکومت جھوٹ بولنا چھوڑ دے تو ملک خوشحال اور ترقی یافتہ بن جائے گا :سینیٹر سراج الحق
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ خوف اور دہشت کا مقابلہ کتاب سے ہی کیا جا سکتا ہے،کتاب آزادی کا پیغام دیتی ہے،پاکستان کی ترقی ،کرپشن ودہشت گردی کے خاتمے کے لیے کتاب سے مضبوط تعلق قائم کرنا ہوگا۔اگر ہماری قیادت اورحکومت جھوٹ بولنا چھوڑ دے تو پاکستان خوشحال، کرپشن فری، روشن اور ترقی یافتہ ملک بن سکتا ہے، عابد شیر علی کو اللہ ہدایت نصیب فرمائے ، نکاح سنت رسول ہے، نکاح کے بغیر زندگی گزارنا مناسب نہیں ۔
پاک چائینہ فرینڈ شپ سینٹر میں نیشنل بک فا ؤنڈیشن کے زیراہتمام’’ قومی کتاب میلے‘‘ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےسینیٹر سراج الحق نے کہا کہ خوف اور دہشت کا مقابلہ کتاب سے ہی کیا جا سکتا ہے اور ام الکتاب قرآن مجید تمام مشکلات کا حل ہے، کسی قوم کی ترقی کا راز کتاب سے محبت میں ہے ، جب مسلمان دنیا پر حکمرانی کرتے تھے تو کتاب اور علم سے محبت ان کی ترقی کا راز تھا ، جیسے جیسے ہم زوال کی طرف آتے گئے تو کتاب سے ہمارا تعلق کمزور ہوتا گیا کیونکہ ملوکیت، بادشاہت اور ڈکٹیٹر شپ کو کتاب پسند نہیں۔انہوں نے کہا کہ دراصل کتاب آزادی کا پیغام دیتی ہے اور فتح کی نشانی ہے، کامیاب انسان بننے کے لئے کتاب کے ساتھ تعلق اور دوستی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان ترقی کرے اورملک سے کرپشن، دہشت گردی اور خوف کا خاتمہ ہو تو اس کا واحد حل کتاب سے مضبوط تعلق قائم کرنا ہے۔ اس موقع پر سراج الحق نے کہا کہ میں نے مختلف سٹالز کا دورہ کرتے ہوئے کئی کتابیں خریدی ہیں کچھ مجھے تحفے میں ملی ہیں لیکن ایک کتاب جو میں پوری قوم کے سامنے پیش کرنا چاہتا ہوں قوم اگر اس پر عمل کرے تو کامیاب ہو جائے گی۔ اس موقع پر سراج الحق نے بچوں کی ایک کتاب ”جھوٹ نہ بولو“ میڈیا کے سامنے پیش کی اور کہا کہ ہماری سیاست کا بھی یہی مسئلہ ہے، قیادت کا بھی یہی مسئلہ ہے اور معاشرے کا بھی یہی مسئلہ ہے، جھوٹ تمام برائیوں کی ماں ہے، اگر ہماری قیادت حکومت جھوٹ بولنا چھوڑ دے تو پاکستان خوشحال، کرپشن فری، روشن اور ترقیافتہ ملک بن سکتا ہے۔ ان سے جب وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی کے سراج الحق کی جانب سے پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کا نکاح پڑھنے سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ نکاح سنت رسول ہے، نکاح کے بغیر زندگی گزارنا مناسب نہیں ہے میں اس پر مزید کچھ نہیں کہنا چاہتا ، کتاب میلے میں آیا ہوں بس اتنا کہتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ عابد شیر علی کو ہدایت نصیب فرمائے۔