چین میں دنیا کی سب سے زیادہ پری میچورپیدا ہونے والی بچی اب کس حال میں ہے ؟قدرت کا ایسا کرشمہ کہ دنیا بھر کے ڈاکٹرز ایک دوسرے کا منہ تکنے لگے
بیجنگ(ڈیلی پاکستان آن لائن) دنیا بھر میں 9ماہ سے پہلے پیدا ہونے والے پری میچور(قبل اَز وقت ) بچے کے بارے میں یہی بات سننے میں آتی ہے کہ وہ ساتویں یا آٹھویں مہینے میں پیدا ہو گیا ،اگر اس سے بھی کم وقت میں کوئی بچہ پیدا ہو جائے تو پھر اس کا بچنا انتہائی مشکل ہو تا ہے لیکن وہ کہتے ہیں نا کہ ’’جسے اللہ رکھے، اُسے کون چکھے ‘‘اس حوالے سے اکثر و بیشتر ہمیں اپنے قرب وجوار میں بے تحاشا مثالیں اور معجزے دیکھنے کو ملتے رہتے ہیں۔ایسی ہی ایک مثال اور معجزہ چین میں دیکھنے کو ملا جہاں ایک خاتون کے ہاں اب تک کی سب سے زیادہ پری میچور یعنی صرف 23ہفتوں بعد(تقریبا 5ماہ ) بچی کی نہ صرف پیدائش ہوئی بلکہ وہ نومولود بچی اب نہ صرف زندہ ہے بلکہ عام بچوں کی طرح صحت مند ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق نارمل اور حمل کے 9ماہ کا وقت پورا ہونے یا پھر ایک آدھ ماہ قال اَز وقت پیدا ہونے والے بچوں کا وزن عمومی طور پر 3کلو تک ہوتا ہے جبکہ چین میں گذشتہ سال اکتوبر 11میں ایک خاتون کے ہاں حمل کے پانچویں مہینے 480گرام کی بچی کی پیدائش ہوئی جس کے بارے میں ڈاکٹرز کی رائے تھی کہ قبل اَز وقت پیدا ہونے والی اس بچی کا بچنا ناممکن ہے ،پیدائش کے وقت اس پچی کے جسمانی اعضا بھی ابھی نامکمل تھے ،جس پر ڈاکٹرز نے اس بچی کو ہسپتال میں بچوں کے انتہائی نگہداشت کی وارڈ میں ڈاکٹرز کی ایک خصوصی ٹیم بنا کر تقریبا 7ماہ تک اپنی نگرانی میں رکھا ،جہاں اس قبل اَز وقت پیدا ہونے والی بچی پر خاص توجہ دی گئی اور مکمل علاج اور جسم کے تمام حصوں کے مناسب طریقے سے دیکھ بھال کرنے کے بعد اسے ہسپتال سے ڈسچارج کر کے گھر بھیج دیا گیا ہے۔ہسپتال کے ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اس بچی کو 9ماہ تک اپنی نگرانی میں ہی رکھیں گے ۔اللہ کی اس بچی پر خاص کرم نوازی تھی کہ آج 7ماہ بعد بچی نارمل بچوں کی طرح صحت مند ہے ۔دنیا بھر کے ڈاکٹرز اور بچی کے والدین کا ماننا ہے کہ اس بچی کی زندگی کسی معجزے سے کم نہیں ہے ۔