نیو اسلام آباد ایئر پورٹ، حدود کے تعین کیلئے تھانوں میں تنازعہ
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) اسلام آباد میں نیو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی حدودکا تعین کرنے کے لیے شہر کے 2 تھانوں کے درمیان تنازعہ پیدا ہوگیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کا 75فیصد حصہ ضلع اٹک کے تھانہ قتبال اور 25فیصد پنڈی کے تھانہ نصیر آباد میں ہے۔
اس سلسلے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی بھی پریشان ہے کہ جرائم ہونے کی صورت میں کس سے رجوع کیا جائے جبکہ حدود تعین کرنے کے حوالے سے اعلی افسران کی متعدد میٹنگ کے باوجود مسئلہ حل نہ کیا جاسکا۔ ابتدائی تقسیم کے مطابق ایئرپورٹ کا رن وے اور ایئرفیلڈ قتبال تھانے کے حوالے کیا گیا ہے جبکہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے انتظامی دفاتر اور ٹراما سینٹر تھانہ نصیر آباد کی حدود میں شامل کیے گئے ہیں۔سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایئرپورٹ کی سیکورٹی میں بہتری کے لیے نیکٹا حکام کو بھی خط ارسال کردیا۔
دوسر ی جانب نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کی انتظامیہ ایئرپورٹ کو تھانہ ترنول کے حوالے کرنے کی خواہش مند ہے جبکہ انتظامیہ کو ایئرپورٹ حوالگی کے لیے پارلیمنٹ سے قانون سازی درکار ہوگی۔
ادھر پنجاب انتظامیہ ایئرپورٹ کو کسی ایک ضلع کے حوالے کرنا چاہتی ہے تاہم اس کے لیے لینڈ ریکارڈ میں بھی تبدیلی کرنا ہوگی۔
خیال رہے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل کو تین مئی سے ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل فلائٹس کے لئے آپریشنل کرنے کی تیاریاں بھی کی جارہی ہیں۔