فیصل آباد چیمبر کا 26 رکنی تجارتی وفد آج برطانیہ روانہ ہوگا

فیصل آباد چیمبر کا 26 رکنی تجارتی وفد آج برطانیہ روانہ ہوگا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


فیصل آباد (بیورورپورٹ) درآمدات اور برآمدات میں بڑھتے ہوئے فرق پر قابو پانے کیلئے حکومت کے ساتھ ساتھ پاکستان کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو اپنی سطح پر برآمدات بڑھانے کیلئے عملی کوششیں کرنا ہونگی اور اس سلسلہ میں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے پلیٹ فارم سے عالمی تجارتی منڈیوں کیلئے مزیدتجارتی وفود بھیجے جائیں گے۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شبیر حسین چاولہ نے برطانیہ جانے والے 26 رکنی تجارتی وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ یہ وفد آ ج رات پونے دو بجے سینئرایگزیکٹو ممبر میاں تنویر احمد کی قیادت میں فیصل آباد سے لاہور کیلئے روانہ ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد چیمبر نے کافی عرصہ سے دوسرے ملکوں کو تجارتی وفود بھیجنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے جبکہ ان کے دور میں امریکہ کے بعد یہ دوسرا غیر ملکی تجارتی وفد ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ یہ وفد 22 سے 29 اپریل تک برطانیہ میں قیام کرے گا جبکہ اس دوران وفد کے ممبران برطانیہ کے تاجروں سے براہ راست تجارتی اور کاروباری معاملات پر بات چیت کے علاوہ لندن، برمنگھم اور بریڈ فورڈ کا بھی دورہ کرے گا۔ صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس نے بتایا کہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور یو کے ۔پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط ہونگے ۔ انہوں نے تجارتی وفد کے ممبران سے کہا کہ وہ اس دورے سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے طے شدہ پروگرام پر عمل کریں تا کہ اس دورے کو حقیقی معنوں میں با مقصد ، نتیجہ خیز اور کامیاب بنایا جا سکے۔

مزید :

کامرس -