صوبائی کمشنر کشمیر، جموں اور لداخ خطوں کو جوڑنے والی شاہراو ں کو کھولنے کے کام کی نگرانی کریں ، وزیر اعلیٰ کی ہدایت
جموں(کے پی آئی )مقبوضہ کشمیر کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ریاست کے میدانی علاقوں میں شدید بارشوں اور بالائی علاقوں میں برفباری کے چلتے وادی کی صوبائی انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ تیاری کی حالت میں رہیں تا کہ ناخوشگوار موسمی حالات سے پیدا شدہ صورتحال کے دوران ضرورت پڑنے پر لوگوں تک پہنچا جاسکے اور لوگوں کی مشکلا ت کو کم کیا جاسکے۔انہوں نے جموں اور کشمیر کے صوبائی کمشنروں کو بھی ہدایت دی ہے کہ وہ کشمیر، جموں اور لداخ خطوں کو جوڑنے والی شاہراو ں کو آمدورفت کے لئے کھولنے کے کام کی نگرانی کریں۔ انہوں نے کہا کہ تب تک انتظامیہ کو درماندہ مسافروں کا خاص خیال رکھنا چاہئے۔
ادھرآفات سماوی، امداد ، باز آباد کاری ، تعمیر نو اور پھولبانی کے وزیر جاوید مصطفی میر نے لگاتار بارشوں سے پیدا شدہ صورتحا ل کا جائزہ لیا۔انہوں نے متعلقہ افسران کو بارشوں کی وجہ سے مختلف خدمات میں ممکنہ رکاوٹیں کم کرنے کے سلسلے میں ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت دی۔انہوں نے ڈویڑنل کمشنر کشمیر بصیر احمد خان سے کہا کہ وہ بذات خود صورتحال کا جائزہ لیں اور ضرورت پڑنے پر عوامی خدمات انجام دینے کے لئے فوری نوعیت کے اقدامات کریں