کراچی میں بجلی کی صورتحال بہتر بنائی جائے ، شہباز شریف کی وزیراعظم سے اپیل

کراچی میں بجلی کی صورتحال بہتر بنائی جائے ، شہباز شریف کی وزیراعظم سے اپیل

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے وزیر اعظم پاکستان سے سندھ بالخصوص کراچی میں بجلی کی فراہمی کی صورتحال بہتر بنانے کے لئے فوری اقدامات کی اپیل کی ہے ۔ وزیر اعلی نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے اس ضمن میں فوری مداخلت کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اداروں کے معاملات اور اربوں کے واجبات کا معاملہ اپنی جگہ اہمیت کا حامل ہے لیکن عوام کی تکلیف اور پریشانی کو مد نظر رکھتے ہوئے کراچی میں بجلی کی فراہمی کی صورتحال بہتر بنانے کی فوری ضرورت ہے ۔ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے ، اس مبارک مہینے میں بجلی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے ۔ وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے کہاکہ میں وزیر اعظم پاکستان سے اپیل کرتا ہوں کہ کراچی کے عوام کے لئے عام دنوں کے ساتھ ساتھ رمضان المبارک میں زیر و لوڈشیڈنگ کی پالیسی اپنائی جائے اور رمضان المبارک میں بالخصوص بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے کہا کہ وزیر اعظم حکومت سندھ اور اس کے ذیلی اداروں کی طرف واجب الادا بلوں کی ادائیگی کے لئے اپنا کردار ادا کریں لیکن میری درخواست ہے کہ لوڈ شیڈنگ کے دوران عوام کی تکلیف کا احساس کیا جانا چاہیے اور اس معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے کہا کہ جناب وزیر اعظم پاکستان کے الیکٹرک اور بجلی فراہمی کے ذمہ داروں کو کراچی میں بجلی کی فراہمی کی صورتحال بہتر بنانے کی ہدایت کریں تا کہ پاکستان کے سب سے بڑے صنعتی شہر اور معاشی ہب کراچی کے شہریوں کو سکھ کا سانس نصیب ہو ۔

شہباز شریف

لاہور(جنرل رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت مسلم لیگ(ن) بلوچستان کا اجلاس منعقدہو ا جس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقادربلوچ ، سابق وزیراعلی نواب ثناء اللہ زہری،اراکین قومی اسمبلی زاہدحامد، حمزہ شہباز شریف ، سپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ درانی، سینیٹر ڈاکٹر آصف کرمانی ، جمال شاہ کاکڑ، امیر افضل مندوخیل ، سیدال خان ناصر ، یونس بلوچ اور فرید افغان خان نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی صدر کی جانب سے بلوچستان میں پارٹی کیلئے قائم مقام عہدیداران کو نامزدکیا گیا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نے لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ پاکستان مسلم لیگ( ن) بلوچستان کے قائم مقام صدر کے عہدے پر نامزدکیا جبکہ جمال شاہ کاکڑ اور میر افضل مندوخیل قائم مقام سینئر نائب صدور کے عہدوں پر نامزدکئے۔ اسی طرح سیدال خان ناصر پارٹی کے قائم مقام جنرل سیکرٹری اوریونس خان بلوچ پارٹی کے قائم مقام ایڈیشنل جنرل سیکرٹری جبکہ فرید افغان خان کو مسلم لیگ( ن) بلوچستان کے قائم مقام سیکرٹری اطلاعات کے عہدوں پر نامزدکیا گیا۔ اجلاس میں بیگم کلثوم نواز کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی گئی۔

مزید : صفحہ اول