شمالی کوریا کا ایٹمی اور میزائل تجربات روکنے،تنصیبات بند کرنے کا اعلان

شمالی کوریا کا ایٹمی اور میزائل تجربات روکنے،تنصیبات بند کرنے کا اعلان

پیانگ یانگ،واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں) شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان نے ایٹمی اور میزائل تجربات روکنے اورفوری طور پر میزائل ٹیسٹ سائٹ بند کرنے کا اعلا ن کرتے ہوئے کہا ہے ایٹمی یا میزائل تجربات کی اب ضرورت نہیں۔شمالی کوریا کی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق کم جونگ کا مزید کہنا تھا شمالی کوریا نے ایٹمی ہتھیاروں کی تجربات کیلئے قائم تنصیبات بند کر دی ہیں اوراب دنیا بھر میں ایٹمی تجربات ختم کرنے کی عالمی کوششوں کا حصہ بنے گا،شمالی کوریا کے سربراہ کے ایٹمی اور میزائل تجربات روکنے کے اعلان کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اہم پیش رفت اور دنیا کیلئے اچھی خبر قرار دیتے ہوئے کہا ہے انہیں کم جونگ ان سے ملاقات کا انتظار ہے۔ ادھرجنوبی کوریا نے بھی شمالی کوریا کی جا نب سے ایٹمی اور میزائل تجربات روکنے کے فیصلے کو مثبت پیش رفت قرار دیاہے ۔جنوبی کورین صدر مون جے ان نے کہا اس فیصلے سے آئندہ مذاکرات کیلئے مثبت ماحول پیدا ہوگا۔دوسری جانب جاپان کا کہنا ہے شمالی کوریا پر دباؤ کم کرنے کا ابھی وقت نہیں آیا۔ شمالی کوریا کی سینٹرل نیوز ایجنسی کے مطابق گزشتہ روز 21اپریل سے شمالی کوریا جوہری تجربات اور بین البراعظمی میزائلوں کے تجربات روک دیئے ہیں ۔شمالی کوریا کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق اس فیصلے کا مقصد معاشی ترقی کا حصول اور جزیرہ نما کوریا میں امن لانا ہے۔شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان آئندہ ہفتے جنوبی کوریا کے صدر مون جے ان سے ملاقات کر رہے ہیں۔کم جونگ ان کا مزید کہنا تھا ہمیں مزید ایٹمی تجربات اوربین البراعظمی راکٹ ٹیسٹ کی ضرورت نہیں،ہماری نیوکلیئر ٹیسٹ سائٹ نے اپنا مشن مکمل کرلیا ہے جبکہ مزید ایٹمی ہتھیار اور ٹیکنالوجی برآمد بھی نہیں کریں گے۔فیصلے کا مقصد ملکی اقتصادی ترقی اور خوشحالی پر توجہ دینا ہے۔خیال رہے رواں ماہ کے شروع میں امریکی حکام نے بتایا تھا شمالی کوریا نے وعدہ کیا ہے دونوں ممالک کے رہنماؤں کی ملاقات میں وہ امریکہ سے اپنے جوہری ہتھیاروں اور ان کے مستقبل کے بارے میں بات کرے گا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کی ملاقات کی خبر مارچ میں سامنے آئی تھی اور وہ عالمی برادری کے لیے نہایت حیران کن تھی، اس خبر کے آنے سے ایک سال قبل تک ان دونوں کے درمیان لفظی جنگ جاری تھی جس میں دونوں نے ایک دوسرے کی ذات پر حملے کیے اور دھمکیاں تک دی تھیں۔ امریکی صدر اور شمالی کورین سربراہ کے درمیان رواں برس جون میں ملاقات متوقع ہے، تاہم اس ملاقات کا مقام اور دیگر تفصیلات ابھی تک سامنے نہیں آسکی ہیں۔

شمالی کوریا اعلان

مزید : کراچی صفحہ اول

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...