شہباز شریف کا دورہ کراچی سیاست کا نیا رخ متعین کرے گا،طارق نذیر

شہباز شریف کا دورہ کراچی سیاست کا نیا رخ متعین کرے گا،طارق نذیر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری خواجہ طارق نذیر نے کہا ہے کہ میاں شہباز شریف کا دورہ کراچی شہر قائد کی سیاست کا نیا رخ متعین کرے گا ۔میاں شہباز شریف کو پورے ملک میں تبدیلی کا استعارہ سمجھا جاتا ہے اور اب ان کے انقلابی وژن کے مطابق کراچی کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا ۔خادم اعلیٰ پنجاب کی طرح کراچی کے عوام کے لیے بھی نجات دہندہ ثابت ہوں گے ۔یہ بات انہوں نے ہفتے کو جاری بیان میں کہی ۔خواجہ طارق نذیر نے صدر مسلم لیگ (ن) میاں شہباز شریف کے دورے کے حوالے سے بتایا کہ شہباز شریف آج (اتوار)دوپہر 12بجے کراچی پہنچیں گے ۔ کراچی آمد کے بعد مردان ہاؤس میں عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر شاہی سید سے ملاقات کے بعد بہادرآباد میں ایم کیو ایم پاکستان رابطہ کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کریں گے ۔صدر مسلم لیگ (ن) ان دونوں جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقاتوں میں سیاسی صورتحال اور انتخابات میں ممکنہ اتحاد سمیت دیگر امور پر بات چیت کریں گے ۔شہباز شریف کراچی کے علاقوں ٹینری روڈ بہار کالونی لیاری۔کے ایم سی گراونڈ گلشن غازی بلدیہ اور الفتح گراونڈ عابد آباد بلدیہ ٹاؤن کے دورے میں کارکنوں سے خطاب کریں گے ۔وزیراعلی پنجاب گرین بس پروجیکٹ ایدھی انٹرچینج بورڈ آفس کا دورہ بھی کریں گے ۔وہاں ن لیگ کے کارکنان سے ملاقات اور خطاب بھی کریں گے ۔وزیراعلی پنجاب شہباز شریف گورنر ہاؤس میں عشائیہ میں شرکت اور تاجربرادری سے ملاقات کریں گے۔خواجہ طارق نذیر کے مطابق ن لیگ کے مرکزی صدر شہباز شریف کا دورہ کراچی سیاسی لحاظ سے اہمیت کا حامل ہے ۔شہباز شریف جلد اندرون سندھ کا دورہ بھی کریں گے اور اہم سیاسی جماعتوں کی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے ۔انہوں نے بتایا کہ شہباز شریف کے دوروں کا مقصد ن لیگ کی آئندہ انتخابات کی تیاریوں کے لیے عوامی رابطہ مہم کا آغاز ہے۔