پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف دنیا میں سب سے بڑا آپریشن کیاجس کے شاندار نتائج آئے ہیں،ملیحہ لودھی
نیویارک(ڈیلی پاکستان آن لائن)اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف دنیا میں سب سے بڑا آپریشن شروع کیا،جس کے شاندار نتائج آئے ہیں ۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے امریکی وار کالج کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں دہشتگردحملوں میں60فیصد تک کمی آگئی ہے ،2006کے بعد سے دہشتگردی کے واقعات میں انتہائی کمی آچکی ہے۔
ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ اس کایہ مطلب نہیں کہ چیلنج ختم ہوچکاہے لیکن ہم بہت بہترپوزیشن میں ہیں،انہوں نے کہا کہ پاکستان بحرانی کیفیت سے نکل کر مستحکم معیشت میں داخل ہوچکاہے اور اپنے پڑوسی ملکوں میں امن کا خواہش مند ہے۔
پاکستان کی مستقل مندوب کا کہناتھا کہ افغانستان میں امن واستحکام کا فروغ پاکستان کی خارجہ پالیسی میں ترجیح رکھتاہے، دیرینہ تنازعات کے حل سے بھارت سے دیرپا تعلقات چاہتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ پاکستان نے جامع حکمت عملی سے تمام دہشتگردوں کاصفایا کردیاہے۔