سری لنکا میں بم دھماکوں میں ہلاک افراد کی تعداد 290 ہو گئی،500 سے زائد زخمی،متعدد کی حالت نازک
کولمبو (ڈیلی پاکستان آن لائن )سری لنکا میں مسیحی برادری کے بڑے تہوار’ایسٹر ‘ کے موقع پر ہونے والے خوفناک بم دھماکوں میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق 290 افراد ہلاک جبکہ 500 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں،جن میں متعدد افراد کی حالت نازک ہے۔
تفصیلات کے مطابق سری لنکا میں تین گرجا گھروں اور 3 ہوٹلوں سمیت 8 مقامات کو نشانہ بنایا گیا ,سری لنکن حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے،خطرناک بم دھماکوں کے بعد سری لنکا کی حکومت نے پورے ملک میں کرفیو نافذ کر دیا ہے۔ دوسری طرف وزیر اعظم پاکستان عمران خان سمیت دنیا بھر کے سربراہان نے سری لنکا میں ہونے والے ہولناک دھماکوں کی شدید مذمت کی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں مسیحی برادری کے بڑے تہوار”ایسٹر“ کے موقع پر دہشت گردوں نے تین گرجا گھروں اور تین بڑے ہوٹلوں سمیت 8 مقامات کو اپنی مذموم کارروائی کا نشانہ بنایا۔دہشت گردوں نے ایسٹر کے موقع پر اس وقت گرجا گھروں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا جب عیسائی برادری اپنی عبادات اور دعاو¿ں میں مصروف تھی۔کولمبو میں جن مسیحی عبادت گاہوں پر دھماکے کئے گئے ان میں کوچھیکاڈے، کٹواپٹیا اور بٹیکالوامیں واقع گرجا گھر شامل ہیں جبکہ کولمبو میں ہی واقع تین بڑے ہوٹلوں دی شینگریلا، سینامن گرانڈ اور کنگز بری میں انسانیت سوز کارروائی کی گئی جبکہ دو دیگر بم دھماکے قریبی عمارتوں کے باہر ہوئے۔ان آٹھ بم دھماکوں میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق 290 افراد ہلاک جبکہ 500 سے زائد زخمی ہوئے ہیں جبکہ کئی زخمیوں کی حالت انتہائی تشویش ناک بیان کی جا رہی ہے جس کی وجہ سے سری لنکن حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ہلاک ہونے والوں میں 35 غیر ملکی بھی شامل ہیں۔