بھٹہ چوک، چینی باشندے سے شادی کرنے والی ایک ماہ بعد بھاگ آئی
لاہور (ویب ڈیسک) لاہور کے علاقے بھٹہ چوک کی رہائشی لڑکی کو چینی باشندے سے شادی کرنا مہنگا پڑگیا، ایک ماہ بعد فاطمہ چینی باشند ے کے چنگل سے نکلنے میں کامیاب ہوگئی، کارروائی کیلئے پولیس سٹیشن پہنچ گئی۔
متاثرہ لڑکی فاطمہ کے مطابق اس کی والدہ اور ظفر نامی شخص نے دھوکے سے اس کی چینی باشندے سے شادی کروائی۔ شادی کے بعد اسے معلوم ہوا کہ اس کی ماں اور ظفر نے چینی شہری سے شادی کی بھاری رقم وصول کی ہے۔روزنامہ جنگ کے مطابق تھانہ ڈیفنس اے میں ظفر اقبال اور چینی باشندے کے خلاف دی جانے والی درخواست میں کہا گیا ہے کہ چینی باشندہ اسے دوستوں کے ساتھ غیر اخلاقی حرکات پر مجبور کرتا تھا اور انکار پر دھمکیاں دیتا تھا کہ چین جاکر اس کے جسم کے اعضا فروخت کردے گا۔ فاطمہ نے کہا ہے کہ وہ والدہ کے پاس واپس نہیں جانا چاہتی، حکومت اسے تحفظ فراہم کرے۔