حکومت نے پی ٹی ایم رہنما محسن داوڑ اور علی وزیر کو خوشخبری سنادی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ کا کہنا ہے کہ 461 افراد کے نام ای سی ایل پر موجود ہیں جن میں 6 ارکان قومی اسمبلی بھی شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تین ارکان قومی اسمبلی بلاول بھٹو زرداری، محسن داوڑ اور علی وزیر کے نام ای سی ایل سے نکال دئیے گئے ہیں جبکہ سابق صدر آصف زرداری، خواجہ سعد رفیق اور افضل کھوکھر کے نام اب بھی لسٹ میں موجود ہیں۔
سپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا۔ اپوزیشن کی جانب سے نئے وزیر داخلہ اعجاز شاہ کے خطاب سے پہلے ایوان میں شور شرابہ اور نعرے بازی کی گئی۔وفاقی حکومت نے 6 ارکان قومی اسمبلی کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کر دیں۔
وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے ایوان کو بتایا کہ آصف زرداری اور بلاول کے نام ایف آئی اے کی سفارش پر جبکہ خواجہ سعد رفیق کا نام نیب کی سفارش پر ای سی ایل میں ڈالا گیا۔ محسن داوڑ اور علی وزیر کے نام پاکستان کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کرنے پر ای سی ایل میں ڈالے گئے۔وفاقی حکومت کی جانب سے ایوان میں جمع کرائے گئے تحریری جواب میں بتایا گیا ہے کہ 6 میں سے تین ارکان قومی اسمبلی بلاول بھٹو زرداری، محسن داوڑ اور علی وزیر کے نام ای سی ایل سے نکال دئیے گئے ہیں۔
وزیر داخلہ نے اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ای سی ایل میں 461 افراد کے نام ڈالے گئے ہیں، رکن اسمبلی افضل کھوکھر ، سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز شریف اور کیپٹن (ر) صفدر کے نام بھی ای سی ایل میں موجود ہیں۔