سٹی پٹرولنگ فورس کی بروقت کاروائی، فائرنگ کرنے والے ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد
ٍپشاور(کرائمز رپورٹر) سٹی پٹرولنگ فورس نے عدالت پیشی سے واپس جانے والے فریق کو قتل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا، دونوں ملزمان کا مخالف فریق سے سوشل میڈیا پر ناپسندیدہ مواد شئیر/وائرل کرنے کا تنازعہ چلا آ رہا ہے جس میں اس سے قبل بھی دونوں فریقین کے مابین جھگڑا ہو چکا ہے، پولیس نے ملزمان کے قبضہ سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا ہے جن کو مزید کارروائی کی خاطر تھانہ شرقی پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا گیا ہے جہاں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے تفصیلات کے مطابق مسمی دین محمد عدالت میں پیشی کے بعد واپس جا رہا تھا کہ اس دوران دو موٹر سائیکل سوار ملزمان نے دین محمد اور اس کے ساتھیوں احمد اور رحیم خان پر فائرنگ شروع کی جس سے تینوں افراد بال بال بچ گئے اسی اثناء میں ملزمان دوبارہ فائرنگ کرنے کی کوشش کر رہے تھے کہ قریبی موجود سٹی پٹرولنگ فورس کے جوانوں نے جان کی پرواہ کئے بغیر فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا جن کی شناخت عبدالحفیظ ولد میر دلی اور زاہد ولد دلاور ساکنان خزانہ کے نام سے ہوئی ہے، دونوں ملزمان کے قبضہ سے نائن ایم ایم پستول بھی برآمد کر لیا گیا ہے جنہوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران سوشل میڈیا پر منفی تنقید اور شئیرنگ کرنے کے تنازعہ پر فائرنگ کرنے کا اعتراف کر لیا یے، دونوں فریقین کے مابین اس سے قبل بھی لڑائی جھگڑا ہوا ہے، ملزمان کو مزید کارروائی کی خاطر تھانہ شرقی منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے