بارشوں کے باعث پہاڑی تودہ گرنے سے بھائی بہن جاں بحق، ماں زخمی

بارشوں کے باعث پہاڑی تودہ گرنے سے بھائی بہن جاں بحق، ماں زخمی

  

ہنگو(بیورورپورٹ)حالیہ بارشوں سے ضلع ہنگو سمیت ضلع اورکزئی میں تباہ کارئیاں،اورکزئی میں پہاڑی تودہ گرنے سے بہن بھائی جاں بحق،ماں زخمی،ہنگو کربوغہ شریف میں سیلابی پانی نے علاقہ میں داخل ہو کر گھروں،دکانوں،سڑکوں کو لپیٹ میں لے لیا، کھڑی فصلیں تباہ، درجنوں مال مویشی سیلابی ریلے میں بہہ گئے،کروڑوں روپے کا مالی نقصان، متعدد علاقوں میں ژالہ باری۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ چند روز سے جاری مسلسل بارشوں اور آندھی طوفان،ژالہ باریوں نے ضلع ہنگو سمیت ضلع اورکزئی کے متعدد علاقاجات کو بری طرح متاثر کر دیا ہے، پولیس زرائع کے مطابق ضلع اورکزئی کی اپر تحصیل اورکزئی کے متعدد علاقہ کوٹ کلی میں بارشوں کے باعث اچانک پہاڑی سلائیڈنگ کی زد میں آکر ایک رہائشی مکان میں ملبے تلے دب کر بہن بھائی 21سالہ بی بی سلمیٰ اور 17سالہ عبد المالک ولد نواب شاہ قوم علی خیل جاں بحق جبکہ والدہ حبیبہ بی بی شدید زخمی ہو گئیں۔جن کو اورکزئی انتظامیہ،فورسز جوانوں،پولیس اور مقامی آبادی کے افراد نے امدادی سرگرمیوں سے نکال کر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا۔ دوسری جانب ضلع ہنگو کے علاقہ کربوغہ شریف میں مسلسل بارشوں کا سیلابی ریلا تباہ حالی کا باعث بن گیا،سیلابی پانی نے کربوغہ شریف میں مواصلات،دکانوں،گھروں،سڑکوں کو لپیٹ میں لینے سمیت درجنوں مال مویشی بھی ساتھ بہا کر لے گئے۔ بارشیں ژالہ باریوں سے کھڑی فصلیں تباہ جبکہ کروڈ روپے کے مالی نقصانات سے علاقہ مکین بری طرح متاثر ہوئے، علاقہ عوام نے حکومت اور انتظامیہ سے ہنگامی بنیادوں پراقدامات اور متاثرہ خاندانوں کی مالی معاون کا مطالبہ کر دیا۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -